آرٹیکل 35A کو جواز بخشنے والی دستاویزات نئی دہلی میں غائب

اتوار 20 اگست 2017 18:50

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) بھارتی آئین میں شامل آرٹیکل 35A کو جواز بخشنے اور بنیاد فراہم کرنے والی دستاویزات نئی دہلی کے نارتھ بلاک کی ہائی سکیورٹی عمارت سے غائب کردی گئی ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آر ایس ایس کی حمایت یافتہ ایک این جی او نے مذکورہ آرٹیکل کو منسوخ کرنے کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

آرٹیکل کے تحت غیر کشمیری لوگ کشمیر میں زمین و جائیداد نہیں خرید سکتے اوراس کے تحت کشمیرکے مستقل باشندوں کو خصوصی حقوق دیے گئے ہیں۔اخبار ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق 63سال پرانی فائل میں آرٹیکل 35A کو آئین میں شامل کرنے کے حوالے سے قانونی بنیاد اور وجوہات بیان کی گئی ہیں ۔بھارت کی وزارت داخلہ کے ایک سینئر افسر نے کہاکہ ہمارے ملازمین اس فائل کو شدو مدسے ڈھونڈ رہے ہیں جو کیس کے لیے بہت اہم ہے اور ہمیں29اگست کو سپریم کورٹ میں کیس کے حوالے سے اپنا موقف بیان کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فائل شاید 2015ء میں 22سے 25جون کے درمیان وزارت کے سواچھ بھارت مہم کے دوران وزارت داخلہ کے قانونی اور انتظامی ریکارڈ کے شعبے سے غائب ہوگئی ہے جب سینکڑوں پرانی فائلوں کو کھنگالا گیا۔

متعلقہ عنوان :