ملکی رئیل اسٹیٹ اداروں کی بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت ایک مثبت پیشرفت ہے

وفاقی وزیر ہائوسنگ و ورکس اکرم درّانی کی وفد سے بات چیت

اتوار 20 اگست 2017 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و ورکس اکرم درّانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے تعمیراتی اداروں اور رئیل اسٹیٹ سے منسلک کمپنیوں کی متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں بھرپور شرکت ایک مثبت پیشرفت ہے جو ملک میں قیمتی زرِ مبادلہ لانے کے ساتھ ساتھ مجموعی اقتصادی ترقی میں خاطر خواہ ترقی کا باعث بنے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات سے آنے والے ’’ریئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو (رائپ)‘‘ کے وفد سے ہونے والی خصوصی ملاقات میں کیا جس کا اہتمام کراچی میں منعقدہ آباد ایکسپو 2017ء کے اختتامی سیشن میں کیا گیا۔ رائپ کے چیف کو آرڈینیٹر عدنان اقبال کے زیرِ قیادت وفد کو آئندہ ماہ 22 تا 23 ستمبر شارجہ میں منعقد ہونے والی ’’ریئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو برائے 2017ء‘‘ میں حکومتِ پاکستان و وزارتِ ہائوسنگ و ورکس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کایقین دلاتے ہوئے وفاقی وزیر اکرم درّانی نے کہا کہ ملک و دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو سستے و معیاری مکانات کی فراہمی ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جو پاکستان کے مقامی تعمیراتی ادارے و ریئل اسٹیٹ کمپنیاں مل کر سر انجام دے رہے ہیں جس کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شارجہ میں ریئل اسٹیٹ کی بین الاقوامی تجارتی نمائش پاکستان کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں پنہاں بھرپور تجارتی نمو کو بہتر انداز میں آشکارہ کرے گی اور ملک کا مجموعی تشخص انتہائی مثبت انداز میں اجاگر کرنے کا باعث بنے گی۔ اس موقع پررائپ کے چیف کو آرڈینیٹر عدنان اقبال نے فاقی وزیر اکرم درّانی کو شارجہ میں منعقد ہونے والی نمائش میں خصوصی شرکت کی دعوت دی جسے وفاقی وزیر نے شکریہ کے ساتھ قبول کرتے ہوئے شرکت کا اعادہ کیا۔

عدنان اقبال نے کہا کہ ’’ریئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو برائے 2017ء‘‘ کے انعقاد میں حکومتِ پاکستان اور آباد کی بھر پور معاونت قابلِ تحسین ہے اور خصوصّا آباد کا مسلسل تعاون مقامی کمپنیوں کی بین الاقوامی نمائشوں میں جوق در جوق شرکت کا باعث بن رہا ہے جس کی بدولت نئی مارکیٹوں تک رسائی ممکن ہورہی ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ، لاہور، اسلام آباد، کراچی و ملتان سمیت ملک کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں و علاقوں میں فاعل تعمیراتی اور ریئل اسٹیٹ اداروں سے اگلے ماہ شارجہ میں منعقد ہونے والی نمائش میں شرکت پر زور دیا اور کہا کہ ہم سب مل کر ملک و بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو آسان ادائیگی سے مشروط ارزاں وسستے مکانات کی فراہمی یقینی بنا سکتے ہیں۔

22 تا 23 ستمبر شارجہ، متحدہ عرب امارات میں ہونے والی جنوبی ایشیا و مشرقِ وسطٰی کی کلیدی تجارتی نمائش ’’ریئل اسٹیٹ اینڈ انوسٹمنٹ پاکستان ایکسپو (رائپ) برائے 2017‘‘ میں پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے سے منسلک نامور کمپنیاں، تعمیراتی ادارے، رہائشی و تجارتی املاک کی خریدو فروخت سے متعلق ملکی و غیر ملکی اداروں سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی ایک بڑے تعداد شرکت کرے گی۔ نمائش میں حصہ لینے والے دیگر ممالک میں برطانیہ، ترکی، جاپان، ملائیشیا، مصر و جنوبی افریقہ سمیت تمام خلیجی ریاستیں شامل ہیں۔