صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کا عمل برق رفتاری سے مکمل کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی

اتوار 20 اگست 2017 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو بلاتفریق سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کا عمل برق رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ یہ بات ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی غلام فرید نے میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو کے ہمراہ چاروں زونوں کے مشترکہ بلدیاتی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلدیاتی افسران کوبلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر دستیاب ہلکی و بھاری مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لاکر صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کا عمل ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں موجود بلدیاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر کو یونین کونسل میں جاری صفائی ستھرائی، کچرے کی منتقلی ،نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور تنصیب کے حوالے کیئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔