عیدالاضحیٰ پر کانگو وائرس سے تحفظ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج

اتوار 20 اگست 2017 18:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) دادا بھائی انسٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن کراچی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ موذی جانور مچھر ہے جس کے کاٹنے سے سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق مچھروں کے کاٹنے سے دنیا بھر میں سالانہ دس لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوتی ہیں، ان اموات میں کثرت ملیریا کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی ہے۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’عالمی یومِ مچھر‘‘ کے موقع پر دادا بھائی انسٹیٹیوٹ مین کیمپس کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رخشندہ بقائی، ڈاکٹر ندیم الزماں، ڈاکٹر عظمیٰ عروج ملک، اور دیگراساتذہ و طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا کہ اگر عید الاضحیٰ کے موقع پر احتیاطی تدابیر نہ اختیار کی گئیں تو کونگو وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے، اس سلسلے میں مویشی منڈی جانے والوں، جانوروں کی خرید و فروخت اور دیکھ بھال سے وابستہ افراد، قصائیوں اور آلائشیں جمع کرنے والوں میں آگہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کونگو فیور ایک خاص قسم کے وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے جو کہ جانوروں کی کھالوں میں موجود کیڑوں کے ذریعے پھیلتا ہے، قربانی کے جانوروں کے ذریعے یہ کیڑے انسانوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور ان کے کاٹنے سے وائرس خون میں شامل ہو سکتا ہے جہاں یہ ایک ہفتے تک بغیر کوئی علامت ظاہر کیے موجود رہتا ہے اور اس کے بعد انفیکشن پھیلاتا ہے۔ ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے عوام الناس کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کے جانور کے خون اور گوشت کے ذریعے بھی اس وائرس کا انفیکشن پھیلنے کا خطرہ ہو سکتا ہے اس لئے حتی الامکان احتیاط برتی جائے۔

متعلقہ عنوان :