شہری قانون کے مطابق گاڑی یا موٹر سائیکل پر درست نمبر پلیٹ لگوائیں، یوسف علی شاہد

اتوار 20 اگست 2017 18:30

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی بغیر نمبر پلیٹ، غیر نمونہ نمبر پلیٹ ، فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں اور کالے شیشوںوالی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کر رہی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر گورنمنٹ آف پنجاب یا دیگر صوبوں کی گورنمنٹ کی طرف سے منظور شدہ، جاری کردہ نمبر پلیٹ اور نمونہ کے مطابق درست نمبر پلیٹ لگوائیں،خلاف ورزی پر راولپنڈی ٹریفک پولیس کی طرف سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپلائیڈ فار نمبر پلیٹ ، فینسی نمبر پلیٹ یا دیگر کسی ایسے کلر کی نمبر پلیٹ لگانا جس سے نمبر پلیٹ پر درج نمبر دن کے اوقات میں یا رات کو پڑھنے میں دشواری ہو یا نمبر پلیٹ پر کچھ نمبر چھوٹے اور کچھ نمبر بڑے لکھوانا یہ سب قانوناًً جرم ہے جس کے خلاف مزید سخت قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے لہذاء شہری قانون کے مطابق گاڑی یا موٹر سائیکل پر درست نمبر پلیٹ لگوائیں اور راولپنڈی ٹریفک پولیس کی طرف سے دی گئیں ہدایات پر عمل کریں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے تمام فیلڈ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ، اپلائیڈ فار، غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کریں اس سلسلے میں بلاتفریق سب کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے انہوںنے حکم جاری کیا کہ بغیر نمبر پلیٹ اور اپلائیڈ فار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :