حکومت سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے، گورنر سندھ

اتوار 20 اگست 2017 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جمہورت کے استحکام سے ہی معاشی خوشحالی یقینی ہے، جمہوریت میں اداروں کی فعالیت، استحکام، آزادانہ پالیسی اور سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع حاصل ہوتے ہیں، اداروں میں جمہوری نظام سے ادارے فعال کردار اور نئی لیڈر شپ سے جدید تقاضوں اور تیز ترین ترقی کے وژن کو تقویت بھی حاصل ہوتی ہے، حکومت ہر ادارہ کی فعالیت کے لئے ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کررہی ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر زبیر طفیل سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی، نئی صنعتوں کے قیام اور حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاشی پالیسی سے اقتصادی، معاشی، تجارتی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آرہے ہیں جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے، اس ضمن میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان سرمایہ کاری، نئی صنعتوں کے قیام اور تجارتی سرگرمیوں کے اضافہ میں اہم ثابت ہو رہا ہے، حکومت سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، تاجروں اور معاشی، اقتصادی، تجارتی اور کاروباری افراد سمیت اس سے متعلق دیگر ہر ایک فرد کو بھرپور تعاون و مدد اور سہولیات فراہم کرے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد حکومت معاشی استحکام کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے جس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں، وفاقی حکومت کی معاشی پالیسی کے مثبت نتائج سے خصوصاً غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سی پیک منصوبہ کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستان کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، سی پیک منصوبہ سے سب سے زیادہ فائدہ صوبہ سندھ کو حاصل ہو گا اس ضمن میں وفاق کے تعاون سے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ کراچی ترقیاتی پیکج میں ترقیاتی منصوبوں میں بھی صنعتی علاقوں کو مرکزیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان ملکی ترقی اور معاشی استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ میں صنعت کاروں کا یہ ادارہ فعال کردار ادا کررہا ہے، حکومت اس ادارہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اس ضمن میں وفاق کے متعلقہ وزارتوں اور وزیر اعظم سے بھی رابطہ کروں گا تاکہ معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، امن و امان کے قیام کے بعد شہر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش بن گیا ہے، کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں، کراچی کے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی سے معاشی فعالیت یقینی ہے اس سلسلے میں وفاقی حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

زبیر طفیل نے گورنر سندھ کو معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے ایف پی سی سی آئی کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی سب سے اہم ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ وفاقی حکومت اس جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی صنعتوں کے قیام سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :