کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات جاری ہیں،چوہدری فیصل فاروق چیمہ

اتوار 20 اگست 2017 18:00

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء)کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات جاری ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی میچوں کے دروازے بند تھے مگر حکومتی کوششوں سے پی ایس ایل میچوں کے انعقاد نے بند دروازے کھولنے میں اہم کردار ادا کیا‘ ایڈیٹرز کونسل کی جانب سے جشن آزادی فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد صحافیوں کا کھیلوں سے محبت کا ثبوت ہے، یقینا جس قوم کے گرائونڈ آباد ہوتے ہیں اس کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل فاروق چیمہ نے ایڈیٹرز کونسل سرگودھا ڈویژن کے زیر اہتمام جشن آزادی فٹ بال ٹورنامنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کو دیکھ کر خوشی ہوئی کہ صحافی قلم کے ساتھ کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں خصوصا ایڈیٹرز کونسل جتنی فعال اب ہوئی ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

(جاری ہے)

فیصل فاروق چیمہ نے کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کی زد میں ہے ان حالات میں کھیلوں کا فروغ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، حکومتی سطح پر ضلع میں سپورٹس کمپلیکس کا قیام حکومت کا کھیلوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘تقریب سے صدر ایڈیٹرز کونسل محمد الطاف ملک‘ جنرل سیکرٹری ارشد محمود ارشی‘ ملک طارق اعوان ‘جنید خان ‘ملک محمد اقبال ‘ضیاء الدین لالی‘ ملک فردوس و دیگرنے کہا کہ ایڈیٹرز کونسل آئندہ بھی اسی طرح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھے گی‘ مقررین نے کہا کہ سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن ‘ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کا تعاون بھی قابل تعریف ہے دوسرے سیمی فائنل میں ینگ الیون اور ٹائیگر فٹ بال کلب کے درمیان مقابلہ تھا یہ میچ ینگ الیون نے ایک گول سے جیت لیا‘ میچ کے اختتام پر ایڈیٹرز کونسل کی جانب سے فیصل فاروق چیمہ کو یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی ،اس موقع پر صحافیوں کی کثیر تعداد کے علاوہ شائقین فٹ بال کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔