پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام ٹیم کی سلیکشن کیلئے مختلف شہروں میں ٹرائلز کا سلسلہ جاری

اتوار 20 اگست 2017 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام قومی ٹیم کی سلیکشن کیلئے مختلف شہروں میں ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹرائلز پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک کے زیراہتمام ہوئے۔ گزشتہ روز لودھراں میں ملتان، مظفرگڑھ، لودھراں ، وہاڑی اور دنیا پور کے 30 کھلاڑیوں نے کیمپ میں ٹرائلز دیئے ، اسی طرح اسی روز شام کے کیمپ میں بہاولنگر میں کیمپ ہوا جس میں ہارون آباد، فورٹ عباس، کھچی والا ،رفیق آباد اور مروت سے 23 کھلاڑیوں نے کیمپ میں شرکت کی۔

پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک کے طابق پاکستانی ٹیم نے نومبر میں لائوس میں ہونیوالی 15 سائیڈ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کرنی ہے جس کیلئے ٹیم کی سلیکشن کیلئے اوپن ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم کے علاوہ لائوس میں ہونے والی چیمپئن شپ میں لائوس، گوام اور انڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ شکیل احمد ملک کے مطابق کوشش ہے کہ پاکستان بھر سے بہترین کھلاڑی کیمپ میں شرکت کریں۔

اسی سلسلے کے کیمپ اسلام آباد ، لاہور، کراچی میں بھی ہوں گے۔ اسلام آباد میں آرمی، اسلام آباد، پشاور، فاٹا اور نزدیکی شہروں کے کھلاڑی جبکہ لاہور میں بھی تمام رجسٹرڈ کلبوں کے کھلاڑی ٹرائلز میں شرکت کریں گے۔ بہترین ٹیلنٹ منتخب کرکے ایک مضبوط ٹیم تشکیل دی جائے گی تا کہ چیمپئن شپ میں اچھے رزلٹ مل سکیں۔ پاکستان رگبی یونین پورا سال گراس روٹ لیول پر کام کرتی ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد ان کیمپوں میں شریک ہے۔

متعلقہ عنوان :