پاکستان ہماری شناخت ہے ،ہمیں قوموں کی برادری میں وطن کو ایک باوقار ریاست بنانے کیلئے کام کرنا ہوگا،ڈاکٹرجمال ناصر

اتوار 20 اگست 2017 18:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) نوجوان نسل کوای ایجوکیشن سمیت جدید علوم تک رسائی اور آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے ، آج ہم جو کچھ ہیں اسی وطن عزیز کی بدولت ہیں ،ہمیں یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ اس ملک نے ہمیں کیا دیا بلکہ ہمیں اس بات پر دھیان دینا ہوگا کہ ہم نے اس پیارے وطن کو کیا دیاہے ۔

پاکستان ہماری شناخت ہے ،ہمیں قوموں کی برادری میں اپنے وطن کو ایک باوقار ریاست بنانے کے لیے کام کرنا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہارصدارتی ایوارڈ یافتہ سیاسی و سماجی رہنماء صدر پاکستان گرین ٹاسک فورس ڈاکٹر جمال ناصر نے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام شعبہ ء تعلیم میں نئی بھرتی ہونے والی اساتذہ کرام (ایجوکیٹرز)کے لیے فرسٹ ایڈ، ای ایجوکیشن اور ای کلاسز کے سلسلے میںریڈ کریسنٹ ہال میں منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء کے لیے تحریک آزادی کے حوالے سے ایک خوبصورت ڈرآمہ ’’احساس کے رشتے‘‘کے نام سے پیش کیا گیا ۔ جس میں تحریک پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو تعمیر وطن کے حوالے سے مثبت پیغام دیا گیا ۔ ڈرآمے کی تحریر و ہدایات محمد وقار عظیم کی تھی جبکہ فنکاروں میں نرجس کاظمی ،طیّب گیلانی قدوسی ،مبشر محمود خان ،حمادرضا،عدیل آصف،شائق احمد،حماد علی ،لال جان ، عائشہ ، مزمل اور یاسمین شامل تھیں۔

تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن مسعود احمد، کے این آئی کے افتخار احمد، سیکرٹری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر طاہر شریف ، انوار الحق ہاشمی اور ڈائریکٹر ریڈ کریسنٹ چوہدری ندیم اقبال نے خطاب کیا ، ڈاکٹر طاہر شریف نے کہا کہ ہم سب کو قوم کی تربیت و رہنمائی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔کے این آئی کے افتخار احمد نے کہا کہ ہمیں ملک کی تعمیرو ترقی میں پر توجہ دینا ہو گی۔

آج پیش کئے جانے والے ڈرآمے میں خواتین کے طاقتور کردار و شعور کو اجاگرکیا گیا ہے کہ کس طرح خواتین حالات کا مقابلہ کر سکتی ہیں ۔ نوجوانوں کوچاہئے کہ وہ آباؤاجداد کی قربانیوں سے آگاہی حاصل کریں ۔چوہدری ندیم اقبال نے کہا کہ آج منعقدہ ہونے والی ورکشاپ کا مقصد خواتین ایجوکیٹرز کو فرسٹ ایڈ اور ای کلاسز کی تربیت دینا تھی ، ریڈکریسنٹ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کوشاں ہیں ۔آج بھی ہماری طرف سے خون کے عطیات کیلئے کیمپ لگایا گیا جہاں نوجوانوں نے خون کے عطیات دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :