قانون کرایہ داری میں ترمیم تک بے دخلیوں کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی، اجمل بلوچ

وزیر اعظم قانون کرایہ داری اسمبلی سے پاس کرانے کی ہدایت کریں،خالد چوہدری

اتوار 20 اگست 2017 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) مرکزی انجمن تاجران پاکستان اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی صدارت میں مختلف مارکیٹوں کے عہدیداران کا اجلاس مرکز آئی ٹین میں منعقد ہوا۔ ایک قرارداد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسمبلی کے فلور پر موجود منصفانہ قانون کرایہ داری کا مجوزہ ترمیمی بل پاس کرانے کی ہدایات جاری کریں اور تاوقتیکہ آئی ٹین مرکز سمیت اسلام آباد میں جبری بے دخلیوں پر پابندی عائد کریں۔

اجلاس میں مسلم لیگ اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری ساجد عباسی اور تاجر راہنما کاشف چوہدری نے بھی شرکت کی اور کسی بھی قسم کی دکانداروں کی بے دخلی کی مزاحمت میں شرکت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اجمل بلوچ نے کہا کہ میاں نواز شریف نے چار سال قبل وفاقی دارالحکومت کے تاجروں کو خطاب کرتے ہوئے منصفانہ قانون کرایہ داری نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ترمیمی بل اسمبلی کے فلور پر موجود ہے ۔ موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنی پارٹی کی طرف سے کیا گیا وعدہ پورا کرائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئی ٹین مرکز کیک اٹھائیس دکانداروں کو کسی صورت میں بے دخل نہیں ہونے دیں۔ یہ معاشی قتل ہے بھرپور مزاحمت کریںگے۔ ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں کرایہ داری کا قانون موجود ہے لیکن قانون سازی کرنے والا شہر اسلام آباد خود منصفانہ قانون سے محروم ہے ۔

گذشتہ الیکشن میں تمام پارٹیوں نے اپنے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا ۔ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بلیو ایریا کے صدر یوسف راجپوت نے اس موقع پر کہا کہ اگر انتظامیہ نے دکانداروں کو زبردستی بے دخل کرنے کی کوشش کی تو اسلام آباد کی تاجر برادری سراپا احتجاج بن جائے گی اور امن امان کی صورتحال کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔ اجلاس سے ساجد عباسی ، عمر ستی ، ڈاکٹر سعید ، امداد آکاش ، چوہدری عرفان ، اویس شیخ ارشد عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور بے دخلی کی بھرپور مزاحمت کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :