پیرا میڈیکل کورسز کو طلبا و طالبات کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ‘پرنسپل جنرل ہسپتال

ترقی یافتہ ممالک کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں بھی اپنی میڈیکل کی سہولتوں کا جائزہ لیتے رہنا چاہیے‘پروفیسر غیاث النبی طیب

اتوار 20 اگست 2017 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ پیرا میڈیکل کورسز کو طلبا و طالبات کیلئے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اوراس مقصد کیلئے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ یہ سٹوڈنٹس تعلیم و تربیت سے اُس اعلیٰ معیار کو یقینی بنا سکیں جو ٹیکنیکل نوعیت کی میڈیکل تعلیم کیلئے ضروری ہی- انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ایک اچھا شہری اور پاکستانی بننا چاہیے تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشرتی تقاضوں کو بھی پورا کر سکیں- ان خیالات کا اظہار انہوں نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزایسوسی ایشن جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام جشن آزادی کا کیک کاٹنے سے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پروفیسر صاحبان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر اور ایسوسی ایشن عہدیداران عارف بُٹر ،حاجی فقیر حسین اور طلباو طالبات کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی- پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں مریضوں کے علاج معالجے میں معالجین کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو بڑ ا عمل دخل حاصل ہے اور اس ادارے سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات نے اندرون اور بیرون ملک نام روشن کیا ہے پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت ہمارے وطن عزیز کے سر سبز و روشن مستقبل کی ضمانت ہی- انہوں نے یم ایس ڈاکٹر غلام صابر سے کہا کہ وہ سکول آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز ایل جی ایچ کے طلباو طالبات کی خود مانیٹرنگ کریں اور ان کے ڈسپلن کو بہتر بناتے ہوئے اس ادارے کا معیار مزید بلند کریں- انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں بھی اپنی میڈیکل کی سہولتوں کا جائزہ لیتے رہنا چاہیے اور روز افزوں سامنے آنے والی جدتوں سے مستفید ہونا چاہیی- تقریب سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے 70ویں یوم آزادی پر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا -