(ن)لیگ میں دھڑے بندی کی خبریں پراپیگنڈہ ہیں حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ‘رانا تنویر حسین

انتشار کی سیاست کرنے والے ناکام رہیں گے آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی‘وفاقی وزیر

اتوار 20 اگست 2017 16:00

لاہور/شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)میں دھڑے بندی کی خبریں صرف پراپیگنڈہ ہیں حقیقت میں ایسا کچھ نہیں حکومت اور اداروں کے درمیان محاذ آرائی کی خبریں بے بنیاد ہیں یہ ٹکراو صرف میڈیا پر نظر آرہاہے، عوام عمران خان کی غیر سنجیدہ سیاست اور انتشار پسند رویے سے تنگ آچکے ہیں ،انتشار کی سیاست کرنے والے ناکام رہیں گے آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی،گزشتہ چار سالوں میں ملک میں بے مثال ترقی ہوئی توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے میگا پراجیکٹ مکمل کئے گئے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے کامیاب آپریشن ضرب عضب کیااور دہشت گردی سے مکمل نجات کے لیے آپریشن رد الفساد بھی کامیابی کے ساتھ جاری ہے، حکومت کی مثبت اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہو ئی جو کہ حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور انسپیکشن کے موقع پر نارنگ منڈی میں ایک بڑ ے عوامی اجتما ع سے خطاب اور ذرائع ابلا غ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رکن قومی اسمبلی را نا افضال حسین ، ممبر صوبائی اسمبلی چودھری حسان ریا ض ، میڈ یا ایڈوائزر ندیم گورایہ ،چیئر مین بلدیہ نارنگ منڈی ملک محمد عارف سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ،وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت اور ادروں کے درمیان ٹکرائو نہیں ہو گا محاذ آرائی صرف میڈ یا پر ہی نظر آرہی ہے مگر حقیقت کچھ بھی نہیں یہ الیکشن کا سال ہے ہر کو ئی سیاسی بیان دے رہا ہے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی ایک سیاسی بیان دیا ہے تمام سیاسی جماعتیں اس وقت الیکشن کی تیاری کررہی ہیں اسی لئے اس قسم کے بیانات سامنے آرہے ہیں مسلم لیگ (ن) نے الیکشن 2013ء میں جو قوم سے وعدے کئے تھے انہیں ایک ایک کر کے پورا کیا جارہا ہے 2017ء لو ڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال ہے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی آئی ہے دہشت گردی اور توانائی بحران کا خاتمہ کردیا ہے آج ملک ترقی اور خوشحالی کی جانب تیزی سے گامزن ہے دنیا پاکستان میں ہونے والی معاشی ترقی کی تعریف کر رہی ہے ہم انشااللہ آنیوالی نسلوں کو محفوظ اور روشن پاکستان دیکر جا ئینگے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والوں سے ایک صوبہ سنبھالا نہیں گیا عمران خان ایک غیر سنجیدہ سیاستدان ہے جوکہ صبح کو ئی بات کرتا ہے تو رات کو ئی اور بات عوام اس کے رویئے اور انتشار کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ یو ٹرن خان کا کو ئی سیاسی مستقبل نہیں آئندہ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) ملک گیر کا میابی حاصل کرے گی پارٹی رہنمائوں کے اختلافات بارے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور ہر جمہوری پارٹی میں اختلاف رائے ہو تا ہے مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کی کوئی دھڑے بندی ہے یہ محض مسلم لیگ کے خلاف پراپیگنڈہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :