ٹیکسی یونین کی جانب سے آن لائن کیب سروسز کیخلاف احتجاج ،ْ راول ڈیم چوک بلاک ،ْ مری جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی

مظاہرین نے کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے ،ْ ڈرائیورزپر تشدد ،ْمظاہرین کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی ،ْ حالات کشیدہ

اتوار 20 اگست 2017 15:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) ٹیکسی یونین نے آن لائن کیب سروسز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے راول ڈیم چوک کو بلاک کردیا جس کے باعث مری اور اسلام آباد جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ٹیکسی یونین کی جانب سے اوبر اور کریم سمیت آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کیلئے مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرین نے راول ڈیم چوک کوبلاک کردیا جس کے باعث مری اوراسلام آباد جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے جس پرپولیس نے آنسوگیس کے شیل منگوا لئے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے روک کر گاڑی کے شیشے توڑ دئیے اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس نے اسے بچایا اور صورت حال کو قابو کرلیا۔ احتجاجی مظاہرین نے آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ آن لائن کیب سروس کی وجہ سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے اور آمدن میں نمایاں کمی ہوگئی ہے انہیں اپنے گھر کے اخراجات پورے کرنے کیلئے قرض لینا پڑ رہا ہے ۔