وادی میںپرامن سیاسی جدوجہد پر سخت ترین پابندیاں نوجوانوں کو بندوق اٹھانے پر مجبور کررہی ہیں‘ انورادھابھسین جموال

کشمیر میں لڑکوں کے علاوہ لڑکیاں بھی بھارتی فوج کے خلاف لڑنا چاہتی ہیں کیونکہ یہاں پرامن مزاحمت کیلئے زمین تنگ کی گئی ہے‘سرکردہ صحافی

اتوار 20 اگست 2017 15:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سرکردہ صحافی اورایک موقر انگریزی اخبار کی ایگزیکٹو ایڈیٹر انورادھابھسین جموال نے کہا ہے کہ وادی میںپرامن سیاسی جدوجہد پر سخت ترین پابندیاں نوجوانوں کو بندوق اٹھانے پر مجبور کررہی ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انورادھابھسین نے سرینگر میں انسانی حقو ق کے گروپ جموں وکشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں لڑکوں کے علاوہ لڑکیاں بھی بھارتی فوج کے خلاف لڑنا چاہتی ہیں کیونکہ یہاں پرامن مزاحمت کیلئے زمین تنگ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ2016سے قبل کشمیر ایک سلگتا ہواآتش فشاں تھا جو بظاہر خاموش تھا لیکن وہ پھٹنے کا انتظار کر رہا تھا اور حزب المجاہدین کے کمانڈر برہانی وانی کی شہادت نے اس کو نقطہ عروج دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برہان وانی کو نوجوان ظلم و جبر کے خلاف ایک علامت سمجھتے تھے اور ان کی شہادت کے بعد نوجوانوں کے ہاتھوں میں کمان آئی اور لڑکیوں نے بھی ہاتھوں میں پتھراٹھائے ۔

انہوں نے کہا نوجوانوں کی طرف سے عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے میں کمی نہیں آرہی ہے اور اگر کمی ہے تو فنڈز اور ہتھیاروںکی دستیابی میں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کے غصے اور بغاوت کو گزشتہ برسوں کے ظلم و تشدد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی میں ہندو فسطائی جماعتوں کے اقتدار میں آنے سے اس میں مزید شدت پیدا ہوئی جبکہ ان جماعتوں کے فرقہ پرست نظریے اور سیاست نے اس میں پیٹرول کا کام کردیا۔

بھسین نے کہا کہ گائے کے گوشت پر سیاست،لو جہاد، دفعہ370کو منسوخ کرنے کی دھمکیاں اور 2014ء میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد بھارتی حکومت کے غیر سنجیدہ اقدامات کے علاوہ بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط حکومت کی تشکیل نے کشمیری مسلمانوں کو پشت بہ دیوار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پنڈتوں کیلئے مخصوص بستیوں اور سینک کالونیوں کی تعمیر کی باتوں نے کشمیریوں کے اعتماد کو مزید جھنجوڑا اور وہ خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے اور اس طرح یہ آتش فشان تیار ہوتا رہا۔

متعلقہ عنوان :