کشمیر میں کسی باعزت شہری یا تاجر کو بدنام کرنااب معمول بن چکا ہے

بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف نفسیاتی،اعصابی اور عملی جنگ چھیڑ رکھی ہے‘کوآرڈی نیشن کمیٹی

اتوار 20 اگست 2017 15:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میںتاجروں،دانشوروں اور سول سوسائٹی کے مشترکہ پلیٹ فارم جموں وکشمیر کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف نفسیاتی،اعصابی اور عملی جنگ چھیڑ رکھی ہے اور وہ مختلف حربے استعمال کرکے کشمیری عوام کو ہراساں کررہا ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کوآرڈی نیشن کمیٹی کے کنوینئرنے سرینگر میں جاری ایک بیا ن میں کہا کہ بھارت نت نئے بہانے تراش کر حریت قیادت اور نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا ہے،تاکہ ان پر عوام کے اعتبار اور اعتماد کو نقصان پہنچایا جائے۔

انہوںنے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور این آئی اے کی طرف سے تاجروںکے خلاف کارروائیاں بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیاکا ایک حصہ ان ایجنسیوں کا آلہ کار بن کر کشمیری تاجروں کو ہراساں کرنے میں ان کی مدد کررہاہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر میں کسی باعزت شہری یا تاجر کو بدنام کرنااب معمول بن چکا ہے اور میڈیا کی طرف سے اس حوالے سے مہم چلا نا اس بات کی عکاسی کرتاہے کہ وہ ایک منصوبے کے تحت بھارتی حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مہم کا مقصدجموں وکشمیر کو خصوصی حیثیت اور شناخت سے محروم کرنا ہے جبکہ اس حوالے سے گزشتہ7دہائیوں میں46ترامیم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کا ہر صورت میں دفاع کریں گے۔کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کہاکہ جب تک جی ایس ٹی کے حوالے صدارتی حکم نامہ واپس نہیں لیا جاتا اور ریاست کو آزاد اقتصادی خطہ قرار نہیں دیا جاتا، تاجر آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ کمیٹی نے کہاکہ دفعہ35اے کو منسوخ کرنے کا خطرہ کشمیری عوام کے سروں پر تلوار کی طرح لٹک رہا ہے اور ایک منصوبے کے تحت وادی،لداخ اور جموں کی انفرادی شناخت کو ختم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔