بدنام زمانہ پتھری بل جعلی مقابلے میںمارے جانے والے افرادکے لواحقین کو16سال سے انصاف نہ مل سکا

تھری بل جعلی مقابلے میں بریگیڈیئر اجے سکسینہ، لیفٹیننٹ کرنل برجندرا پرتاب سنگھ ، میجر سوراب شرما۔میجر امیت سکسینہ او ر صوبیدار ادریس خان ملوث تھے

اتوار 20 اگست 2017 15:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بدنام زمانہ پتھری بل جعلی مقابلے میں مارے جانے والے افراد کے اہلخانہ نے انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 25مارچ 2000ء کو ضلع اسلام آباد کے علاقے پتھری بل میں پانچ بے گناہ کشمیریوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

جعلی مقابلے میں مارے جانے والے ایک شخض جمعہ خان کے بیٹے رشید خان نے میڈیا کو بتایا کہ اگر چہ اسے انصاف ملنے کی بہت کم امید ہے لیکن اسکا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ انصاف کے حصول کی کوشش ترک کر دے گا۔ انہوںنے کہا کہ وہ گزشتہ سولہ برس سے انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں اور وہ اپنا کام جاری رکھیں گے۔ ایک اور مقتول کے بیٹے شکور خان نے کہا کہ اگر چہ انہیں انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا لیکن اللہ کرم کرنے والا ہے اور اگر اس نے چاہا تو انہیں ضرور انصاف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک طویل عرصے سے انصاف کے حصو ل کی لڑائی لڑ رہے ہیں جسے وہ آگے بھی جاری رکھیں گے۔پتھری بل جعلی مقابلے میں بریگیڈیئر اجے سکسینہ، لیفٹیننٹ کرنل برجندرا پرتاب سنگھ ، میجر سوراب شرما۔میجر امیت سکسینہ او ر صوبیدار ادریس خان ملوث تھے۔