نیشنل ایکشن پلان ،محکمہ داخلہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے آئندہ چند روز میں واضح پالیسی کا اعلان کریگا

کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی کی فہرست میں شامل کالعدم تنظیموں کے نام بھی جاری کئے جائینگے،عوام کو بھی آگاہی دی جائیگی پولیس ‘حساس ادارے نام بدل کر کیمپ لگانے ،گھروں سے جا کر کھالیں اکٹھی کرنیکی صورت میں فوری کارروائی کے پابند ہونگے

اتوار 20 اگست 2017 15:10

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء)نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبائی محکمہ داخلہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے آئندہ چند روز میں واضح پالیسی کا اعلان کرے گا ،کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی کی فہرست میں شامل کالعدم تنظیموں کے نام بھی جاری کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت عید الاضحی پرکھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے واضح پالیسی کی تیاری کر لی ہے جسے آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس تناظر میں پولیس سمیت حساس ادارے پیشگی مانیٹرنگ کا عمل شروع کریں گے اور پابندی کے دائر میں آنے والی کسی بھی کالعدم جماعت کے نام بدل کر کیمپ لگانے یا گھروں سے جا کر کھالیں اکٹھی کرنے پر فوری کارروائی کے پابند ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کی طرف سے کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی کی فہرست میں شامل کالعد م تنظیموں کے نام بھی جاری کئے جائیں گے اور اس کے ساتھ عوام کو بھی آگاہی دی جائے گی جس میں انہیں قربانی کی کھالیں حکومتی اداروں کے پاس رجسٹرڈ اور حقیقی معنوں میں فلاحی کاموں میں مصروف تنظیموں کو دینے کی ترغیب دی جائے گی۔