Live Updates

بلاول کے مانسہرہ میں جلسے سے پی ٹی آئی کی مقبولیت ناک آئوٹ ہو گئی ،(ن) ‘ پی ٹی آئی کی سیاست میں انیس بیس کا ہی فرق ہے‘ قمر زمان کائرہ

نواز شریف کو ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ سمجھ آ گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، قبل از وقت انتخابات کرانے کی ضرورت نہیں ‘ صدر پی پی پنجاب

اتوار 20 اگست 2017 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو آج ذوالفقار علی بھٹو کا فلسفہ سمجھ آ گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، قبل از وقت انتخابات کرانے کی ضرورت نہیں ، تمام مسائل کا حل اب پیپلز پارٹی کے پاس ہے ، اگر پاکستان کو خطرات ہیں تو نواز شریف قومی قیادت کو آگاہ کریں ، بلاول بھٹو کے مانسہرہ کے کامیاب جلسے کے بعد عوامی مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے کی دعویدار پی ٹی آئی کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ نواز شریف نیب کے ریفرنسز سے پریشان ہیں اور یہ ان کے چہرے سے صاف عیاں ہے۔ ہم تو آج بھی بر ملا کہتے ہیں کہ نواز شریف نظام کے لاڈلے ہیں حالانکہ آصف علی زرداری کو گرفتار کر کے پہلے جیل بھیجا گیا اور پھر تحقیقات شروع ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی لیکن پیپلز پارٹی کی قیادت نے واشگاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ ہم کسی کی ذات کو ہرگز ریسکیو نہیں کریں گے ۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی جبکہ (ن) لیگ والے جمہوریت کے خلاف چلتے ہیں۔ نواز شریف صاحب آپ نے کبھی بھی جمہوریت کی لڑائی نہیں لڑی آپ اس وقت باہر نکلتے ہیںجب آپ کے پائوں جلتے ہیں۔ نواز شریف کی ریلی کو سرکاری پروٹوکول میں لایا گیا اس لئے اس کا موازنہ بینظیر بھٹو شہید سے نہیں کیا جا سکتا ۔ پیپلزپارٹی اس وقت آمریت کے خلاف نکلی تھی نواز شریف بتائیں انہوںنے ریلی کس کے خلاف نکالی ۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ ریفرنس دائر کرنے کی باتیں کر کے کیا پیغام دینا چاہتی ہے ۔ ہم آج بھی متنبہ کرتے ہیں مسلم لیگ (ن) اپنے رویوںپر غور کرے اور ملکی حالات کوا س نہج پر نہ لے کر جائیں جہاں سب کو پچھتانا پڑے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ عمران خان صاحب آپ کو آہستہ آہستہ سمجھ آئے گی، آپ کی اور (ن) لیگ کی سیاست میں انیس ،بیس کا ہی فرق ہے ، عمران خان صاحب آپ عمر کے جس حصے میں ہیں آپ کو کسی بھی سیاسی جماعت کی قیادت کے خلاف الفاظ کا چنائو بہت سوچ سمجھ کر نا چاہیے ۔

انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو کے مانسہرہ میں جلسے سے پی ٹی آئی کی مقبولیت ناک آئوٹ ہو گئی ہے اور ان کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔ عمران خان صاحب اب بھی جتنا وقت باقی بچاہے خیبرپختوانخواہ میں گڈ گورننس پر توجہ دیں ،خیبر پختوانخواہ حکومت نے ایسے کوئی اقدامات نہیں کئے جن کے ملک میں چرچے ہوں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات