بھارتی وزیراعظم لاپتہ، وارانسی کی ضلعی عدالت میں گمشدگی کے اشتہارات لگ گئے

مودی جلد حلقے میں نہ آئے تو گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرا دی جائے گی، اشتہارات میں لکھا ہے تلاش گمشدگی برائے لاپتہ ممبر پارلیمنٹ مودی جی جانے وہ کون سا دیش ہے جہاں تم چلے گئے

اتوار 20 اگست 2017 15:00

بھارتی وزیراعظم لاپتہ، وارانسی کی ضلعی عدالت میں گمشدگی کے اشتہارات ..
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) وارانسی کی عدالت میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی تلاش گمشدگی کے پوسٹرز لگ گئے، اگر مودی جلد حلقے میں نہ آئے تو گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرا دی جائے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں نامعلوم افراد نے ضلعی عدالت کے احاطے میں نریندرا مودی کی تلاش کے لئے اشتہارات لگا دیے، بڑی تعداد میں چسپاں کیے گئے اشتہارات میں مودی کی تصاویر اور ہندی زبان میں دلچسپ عبارت درج ہے۔

(جاری ہے)

اشتہارات میں لکھا کہ تلاش گمشدگی برائے لاپتہ ممبر پارلیمنٹ مودی جی جانے وہ کون سا دیش ہے جہاں تم چلے گئے ۔؂ اشتہارات میں یہ بھی بتایا گیا ہے مودی جی کو تلاش کون کر رہا ہے۔ ایسا کرنے والوں نے خود کو لاچار اور بے بس عوام لکھا ہے۔ مودی جی تک یہ پیغام بھی پہنچایا گیا ہے کہ اگر وہ جلد ہی حلقے میں نہ آئے تو گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرا دی جائے گی۔بھارتی وزیراعظم سے متعلق ایسے اشتہارات پر پولیس حرکت میں آ گئی اور نامعلوم افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق معاملے سے متعلق جب مودی کے پارلیمانی دفتر سے رابطہ کیا گیا تو انچارج شیوشرن پاٹھک نے کہا کہ فی الحال ان اشتہارات سے متعلق کوئی رائے نہیں دی جا سکتی۔