ضلع حویلی ، ڈھوک گورسی والا ، 10 مکانات جلانے والے عناصر تاحال بے نقاب نہ ہوسکے

اتوار 20 اگست 2017 14:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء)ضلع حویلی ، ڈھوک گورسی والا ، 10 مکانات جلانے والے عناصر تاحال بے نقاب نہ ہوسکے ۔ ایک مخصوص برادری کیساتھ انتظامیہ ، پولیس بھی انصاف کرنے میں ناکام ، حویلی میں ظلم وستم بازار گرم، غریب عوام کو تھانہ کچہریوں میں دھکے کھانے پر مجبور کیاجارہاہے ۔ بااثر اور غنڈہ گردافراد نے اپنی عدالتیں اور اپنا قانون بنارکھاہے ۔

جلائے جانے والے مکانات کے مالکان کو اب دوبارہ مکانات کی تعمیر بھی نہیں کرنے دی جارہی جو ظلم کی انتہاء ہے ۔ ان خیالات کااظہار سیکرٹری جنرل گجر یوتھ فورم زبیر محمود کٹھانہ نے میڈیا نما ئندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل ضلع حویلی کے علاقہ ڈھوک گورسیاں میں کچھ عناصر نے 10 سے زائد مکانات کو آگ لگاکر راکھ کر ڈھیر بنادیا۔

(جاری ہے)

اور آج تک ضلعی انتظامیہ اور پولیس ملزمان کو تلاش کرنے اور انہیں قرارواقعی سزادلانے میں ناکام ہے ۔ جس باعث شرپسند اور جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔ اور مظلوموں کوانصاف ملنا محال ہوچکاہے ۔ اس سے بڑا ظلم کیاہوگا کہ تاس برادری کے مکانات جلانے کے بعد انہیں دوبارہ اپنے مکانات کی تعمیر بھی نہیں کرنے دی جارہی ہے ۔ شاداب شاہ اور فداف شاہ جیسے بااثر افراد نے حویلی میں ظلم وستم کابازار گرم ررکھاہے ۔

غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھاہے ۔ ان لوگوں نے اپنی عدالتیں اور اپنا قانون نافذ کرکے تاس برادری کاجینا حرام کیاہواہے ۔ اس لیے ہم چیف سیکرٹری ، سینئر ممبربورڈ آف ریونیو ، آئی جی پولیس ، ڈی سی حویلی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تاس برادری کو انصاف فراہم کیاجائے تاکہ مظلوم بھی آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں ۔ بصورت دیگر ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے ۔