مقبوضہ کشمیر، عدالت نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی

اتوار 20 اگست 2017 13:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ایک عدالت نے غیر قانونی طور پر نظر بند جماعت اسلامی کے ترجمان اعلیٰ ایڈووکیٹ زاہد علی اورتنظیم کے ضلع کولگام کے صدر فاروق احمد شیخ کی طرف سے دائردرخواست ضمانت مسترد کر دی ۔ زاہد علی اور فاروق احمد شیخ گزشتہ15 روز سے نظر بند ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ زاہد علی اور فاروق احمد شیخ نے کولگام کے علاقے گوپال پورہ میں ایک شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی تھی جس پر بھارتی پولیس نے انکے خلاف دمہال ہانجھی پورہ تھانے میں مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا ۔

بیان میں کہا گیاکہ گرفتار رہنمائوں نے چودہ روز قبل عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کر دی تھی جو مسترد کر دی گئی۔