پاکستان سیاحت کو ترقی ، فروغ دینے کیلئے غیر ملکیوں کو ویزوں میں آسانی فراہم کرے ‘ سی ای او کوتھم

دفتر خارجہ ،سفارتخانے مختلف ممالک کی طرف سے پاکستان میں سکیورٹی سے متعلق جاری کی گئی ایڈوائزری ختم کرانے کیلئے کردار ادا کریں سیاحت کو فروغ دینے سے اربوں روپے کی آمدن ،پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر ہونے سے سرمایہ کاری کے رجحان میں بھی اضافہ ہوگا ‘ احمد شفیق

اتوار 20 اگست 2017 12:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) پاکستان کی سیاحت کو ترقی اور فروغ دینے کیلئے غیر ملکیوں کو ویزوں میں آسانی فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، دفتر خارجہ اور خصوصاً سفارتخانے مختلف ممالک کی طرف سے پاکستان میں سکیورٹی سے متعلق جاری کی گئی ایڈوائزری ختم کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ،سیاحت ایسا شعبہ ہے جسے ترقی دے کر اربوں روپے آمدن حاصل کرنے کیساتھ ساتھ پاکستان کا سوفٹ امیج بھی اجاگر کیا جا سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار کالج آف ٹور ازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا ۔ احمد شفیق نے کہا کہ پاکستان کے اطراف میں بسنے والے بہت سے ممالک جن میں ترکی ، بھارت، ملائیشیاء،مالدیپ، نیپال شامل ہیں اپنی سیاحت سے کثیر زرمبادلہ حاصل کر رہے ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں پاکستان کی سیاحت کے شعبے سے آمدن نہ ہونے کے برابر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا جو قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہیں لیکن ہم اس سے استفادہ نہیں کر سکے۔ سیاحت کی ترقی کیلئے انفرا سٹر اکچر کو ترقی دینے ساتھ پاکستان ٹوراز ڈویلپمنٹ کارپوریشن کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے لوگ سیاحت کے بڑے شوقین ہیں اس لئے ہمیں انہیں پاکستان کی سیاحت کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے ۔

سیاحت کی غرض سے آنے والے غیر ملکیوں کو ویزوں کے اجراء میں آسانی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے لیکن بعض ممالک نے اپنے شہریوں کیلئے پاکستان کاسفر کرنے کے حوالے سے بے بنیاد ایڈوائزری جاری رکھی ہیں جسے ختم کرانے کے لئے دفتر خارجہ اور خصوصاًبیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوںکو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔ احمد شفیق نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے سے نہ صرف اربوں روپے کی آمدن حاصل کی جا سکتی ہے بلکہ پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر ہونے سے سرمایہ کاری کے رجحان میں بھی اضافہ ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :