ْامریکی امپورٹرز لاہور میں منعقد ہونیوالی کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کرینگے‘ریاض احمد

مختلف امریکی ریاستوں کا دورہ انڈسٹری کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش ،دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا وزیر تجارت سے ملاقات کر کے دورے کے حوالے سے بریفنگ اور تجاویز دینگے ‘ وائس چیئرمین کی کمپنی سیکرٹری رشید ظفر سے ٹیلیفونک گفتگو

اتوار 20 اگست 2017 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) امریکی امپورٹرز نے پاکستان کی کارپٹ کی مصنوعات میں انتہائی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اکتوبر میںلاہور میںمنعقد ہونے والی عالمی نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ،ایسوسی ایشن کے وفد کا امریکہ کی مختلف ریاستوں کا دورہ پاکستانی انڈسٹری کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش اور امریکی کاروباری برادری کیساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار امریکہ کے دورے پر موجود کارپٹ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ریاض احمد نے کمپنی سیکرٹری رشید ظفر خان سے گزشتہ روز ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے بتایا کہ ان کی سربراہی میں لطیف ملک اور خواجہ میر مدثر پر مشتمل تین رکنی وفد نے نیو یارک ،ورجینیا ، نیو جرسی ،واشنگٹن ڈی سی اور لاس اینجلس میں امریکہ کی نامور کمپنیوں اور امپورٹرز سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں اور اس دورے کے انڈسٹری پر مجموعی طور پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ امریکی امپورٹرز کو اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے اور انہیں سکیورٹی سمیت ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے اور قوی امید ہے کہ امریکی امپورٹرز اس نمائش میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کاروباری برادری کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات پر تفصیل سے گفتگو ہوئی ہے اور ان پر واضح کیا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کیلئے پر امن ملک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں پاکستان میں امن کی بہتر صورتحال اور روشن چہرہ متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے پاکستانی سفارتخانوں اور کمرشل اتاشیوں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے ۔ ریاض احمد نے کہا کہ وطن واپسی پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک سمیت دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کر کے انہیں اپنے دورے کے حوالے سے بریفنگ کے ساتھ مختلف تجاویز سے بھی دیں گے۔

متعلقہ عنوان :