وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ‘ نقصانات کا جائزہ لیا

اتوار 20 اگست 2017 12:11

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیلاب سے متاثرہ علاقہ غیول کا تفصیلی دورہ کیا ،سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اللہ کی طرف سے ایک آزمائش ہوتی ہے ان موقعوں پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ چند لوگ اس آزمائش کی گھڑی میں بھی سیاست کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کا ساتھ دینا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ سیلاب کے فوراً بعد تمام امدادی اداروں کو فعال کیا گیا جس کی وجہ سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ سمیت تمام ادارے بروقت پہنچ گئے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے قائد محمد نواز شریف نے پہلی مرتبہ گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو مشینری کی خریداری کیلئے 75 کروڑ کی رقم فراہم کی تھی جس سے بھاری مشینری خریدی گئی ہے اور تمام اضلاع کو فراہم کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں قدرتی آفات اور جانی نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگی کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں تھی ہماری حکومت نے اس حوالے سے پالیسی بنائی ہے ۔ حکومت متاثرین کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقہ غیول کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سکردو کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے جامعہ سفارشات پیش کرے گی جس کے مطابق متاثرین کو معاوضے ادا کئے جائیں گے اور ان کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکردو کو ہدایت کی کہ قدرتی نالوں پر قائم کئے جانے والے تمام تجاویزات کا خاتمہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :