گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے‘ حافظ حفیظ الرحمن

اتوار 20 اگست 2017 12:11

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے علاقے کی تعمیر و ترقی ہماری ترجیح ہے اور ہم نے میرٹ کی بالادستی کویقینی بنایا ہے،کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی کسی بھی محکمے میں کرپشن کے حوالے سے ثبوت پائے گئے تو بلاتفریق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،وزراء اور ممبران اسمبلی عوام کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سکردو میں پارٹی عہدیداروں اور ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ تعمیر و ترقی کے حوالے سے گلگت بلتستان میں نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے قیام امن ہماری اولین ترجیح تھی حکومتی اقدامات کی وجہ سے دو سال کے مختصر مدت میں گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اتحاد بین المسلمین کا ماحول قائم ہوا ہے دو سالوں میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ہے، اقتدار کو آزمائش سمجھتے ہیں ،ہم قائد و رہبر محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے دو سال کے مختصر مدت میں اپنے منشور کے مطابق عوام سے کئے گئے وعدوں میں سے 70 فیصد وعدوں کو عملی جامعہ پہنایا ہے ۔

جھوٹے اعلانات اور زبانی دعوئوں پر یقین نہیں رکھتے ہیں سابقہ حکومت نے نئے اضلاع کے جھوٹے اعلانات کئے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت سکردو روڈ کی تعمیر کیلئے انجینئرنگ بٹالین بلوچستان سے روانہ ہوچکی ہے سکردو روڈ ہماری حکومت بنائے گی۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے سکردو کیلئے ایل پی جی ایئر مکس منصوبے کی خصوصی منظوری دی ہے اور اب سکردو کے عوام کو بھی گھروں میں گیس کی فراہمی پائپ لائن کے ذریعے کی جائے گی۔ گلگت میں ایل پی جی ایئر مکس منصوبے پر عملی طور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔