آم کا چھلکا، کینسر، شوگر اور یادداشت کی بہتری میں مفید

اتوار 20 اگست 2017 12:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء)آم کا مزہ تو سب کو ہی اچھا لگتا ہے ،مگر بہت کم لوگ ہیں جو جانتے ہیں کہ آم کا چھلکا کینسر،شوگر اور یادداشت میں بہتری سمیت مختلف امراض کے علاج میں مفید ہے۔کوئنزلینڈ یونیورسٹی میں فیکلٹی آف فارمیسی میں ہونے والی طبی تحقیق کے مطابق آم کا چھلکا انسانی جسم میں چربی کے خلیے بننے سے روکتا ہے، جو وزن کم کرنے اور اسے برقرار رکھنے کا ایک محفوظ اور موثر طریقہ ہے۔

آم کے چھلکے میں بہت سے غذائی عناصر اور وٹامن ہوتے ہیں، جو کئی امراض اور صحت سے متعلق مسائل کے علاج میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق صحت کے امور سے متعلق ویب سائٹ ڈیلی ہیلتھ کے مطابق آم کا پھل اپنے چھلکے کے ساتھ وٹامن کے، ای، اے،سی اور6بی کے علاوہ تانبے جیسے معدنیات اور جسم کے لیے اہم ریشوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

آم کے چھلکے میں بڑی مقدار میں اینٹی آکسائڈ مواد پائے جاتے ہیں، جن میں سے بعض مواد انسان کو ہر قسم کے سرطان سے بچاتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق آم کے چھلکے میں موجود بعض مواد انسان کو بڑھاپے اور جوڑوں اور ہڈیوں کے درد کے خلاف توانائی بخشتے ہیں اور مختلف امراض کا سبب بننے والے وائرسوں سے مقابلہ کرنے کے لیے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتے ہیں، ذیابیطس( شوگر)کا علاج اور یادداشت کو بہتر بھی کرتے ہیں۔مذکورہ فوائد کے باوجود آم کا چھلکا بعض لوگوں کے لیے الرجی کا سبب بن سکتا ہے، لہذا غذائی ماہرین ہدایت کرتے ہیں کہ خبردار رہتے ہوئے ابتدا میں اس کی تھوڑی مقدار کا تجربہ کیا جائے تا کہ کسی بھی قسم کے طبی مسئلے سے خود کو بچایا جا سکے۔