کراچی،سہراب گوٹھ مویشی منڈی کی پارکنگ ایریا میں چوریاں

گاڑی سے بھاری پارکنگ فیس وصول کیے جانے کے باوجود پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا،شہری مویشی منڈی کے اندر سیکورٹی اہلکار موجود ہیں اس وجہ سے شکایات وہیں درج کر لی جاتی ہیں ، پولیس

اتوار 20 اگست 2017 12:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2017ء) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ پرقائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی کی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پارکنگ میں گاڑیوں سے قیمتی سامان کی چوری کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کی آمد کے قریب آنے کے ساتھ ہی شہریوں نے بڑی تعداد میں سہراب گوٹھ کے علاقے میں قائم کی جانے والی مویشی منڈی کا رخ کرلیا ہے، جہاں سیکٹروں گاڑیوں کی پارکنگ کا ٹھیکہ بھی انتظامیہ نے مہنگے داموں فروخت کر دیا جبکہ پارکنگ مافیا مویشیوں کی خریداری کے لیے آنے والے شہریوں سے بھاری پارکنگ فیس تو وصول کر رہے ہیں تاہم گاڑیوں کی حفاطت کا کوئی انتظام نہیں کیا جاتا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر نے بھی مویشی منڈی کا رخ کر لیا ہے اور پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر قیمتی اشیا چوری کر لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں کے مطابق مویشی منڈی میں سکیورٹی کے نام پر جگہ جگہ چیک پوسٹ بنا رکھی ہے اور ہر گاڑی سے بھاری پارکنگ فیس وصول کیے جانے کے باوجود پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا،سامان کی چوری کے ساتھ ساتھ جیب کترے بھی شہریوں سے لوٹ مار کر رہے ہیں۔شہریوں نے مزید بتایا کہ جیب کٹ جانے یا گاڑیوں سے چوری کی شکایت جب انتظامیہ کے نمائندوں کی جاتی ہے تو مویشی منڈی انتطامیہ کے نمائندے شکایت پر ایکشن لینے کے بجائے شکایت کرنے والے شہری سے ہی ناروا رویہ رکھتے ہیں اور پولیس کو رپورٹ درج کروانے سے روکنے کے لیے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔

پولیس کے مطابق چوری کی وارداتوں کی اطلاع ملی ہے لیکن مویشی منڈی کے اندر سیکورٹی اہلکار موجود ہیں اس وجہ سے شکایات وہیں درج کر لی جاتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :