مسائل سے نجات کیلئے عوام موزوں امیدوارمنتخب کریں،روحی کھوکھر

ہفتہ 19 اگست 2017 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2017ء)مووآن پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور این اے 120لاہور سے امیدوارقومی اسمبلی روحی کھوکھر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عوام اپنے مختلف مسائل سے مستقل نجات کیلئے موزوں امیدوارمنتخب کریں ۔ہم لچھے دارتقریریں نہیں کرتے لیکن عوام کے خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہرتدبیر کریں گے ۔ انتخابی وعدے وفاکرنے کے معاملے میں نام نہاد بڑی پارٹیوں کاٹریک ریکارڈبہت برا ہے۔

ہم اپنے پارٹی منشور کی روشنی میں ملک وقوم کوڈیلیورکریں گے۔ سرکاری امیدوارکے حامیوں کے پاس پوائنٹ سکورنگ کیلئے کوئی ایشونہیں اسلئے وہ نان ایشوزپرتوانائیاں ضائع کررہی ہے۔ پیچیدہ اوردیرینہ مسائل سے نجات کاانحصار عوام کے درست فیصلے پر ہے۔عام آدمی کی خوشحالی کے بغیر معاشرے میں مطلوبہ تبدیلی نہیں آئے گی۔

(جاری ہے)

اپنے اعزازمیں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روحی کھوکھر ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ عوام یاد رکھیں ان کاووٹ ایک مقدس امانت اوران کی طاقت ہے جوہرگزکسی صورت غلط امیدوارکے سپردنہ کی جائے ۔

مووآن پاکستان کے مرکزی چیئرمین محمدکامران میاں ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں پارٹی ٹکٹ دیتے وقت مجھ سے عوام کی خدمت کاعہدلیا ہے لہٰذاء ہماری جماعت کامیابی کے بعد عوام کوتنہا نہیں چھوڑسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہرتعمیراتی اورترقیاتی منصوبہ براہ راست عام آدمی کااس کی دہلیز پرریلیف فراہم کرنے کیلئے ہوگا ۔ مووآن پاکستان کی قیادت شاندار روایات برقراررکھتے ہوئے وسائل کارخ محروم طبقات کی طرف موڑدے گی ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے مووآن پاکستان خدمت ،تبدیلی اورخوشحالی کی علامت جبکہ اس کی ٹکٹ انتخابات میں یقینی جیت کی ضمانت ہے۔ہماری قیادت اپنے صادق جذبوں سے پاکستان اورپاکستانیوں کی کایا پلٹ دے گی ۔انہوں نے کہا کہ اپنی قیادت کے نقش قدم پر چلنا اورخدمت خلق کرنا میرے نزدیک سعادت ہے ۔