مسلم لیگ (ن) اداروں کے خلاف کسی قسم کی محاذ آرائی کا حصہ نہیں، تمام قومی ادار ے محترم ہیں ان کی تائید اور حمایت کرتے ہیں،

مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کی تقسیم نہیں ،اختلاف رائے صحت مند رویہ اور بہتر فیصلوں تک پہنچنے کا ذریعہ ہے، پانامہ فیصلے کے بعد پارٹی کے ٹوٹنے کی باتیں کرنے والے مایوس ہیں، پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کوہسار ٹاؤن بھارہ کہو میں نواز شریف روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 19 اگست 2017 23:36

مسلم لیگ (ن) اداروں کے خلاف کسی قسم کی محاذ آرائی کا حصہ نہیں، تمام ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اداروں کے خلاف کسی قسم کی محاذ آرائی کا حصہ نہیں ، یہ پروپیگنڈہکرنیوالوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،تمام قومی ادار ے محترم ہیں ان کی تائید اور حمایت کرتے ہیں،پارلیمنٹ اور عوامی مینڈیٹ کا بھی احترام ہونا چاہیئے، ووٹ کے تقدس کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے، مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کی تقسیم نہیں ،اختلاف رائے صحت مند رویہ اور بہتر فیصلوں تک پہنچنے کا ذریعہ ہے، پانامہ فیصلے کے بعد پارٹی کے ٹوٹنے کی باتیں کرنے والے مایوس ہیں، پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہے ، ووٹ کا تقدس الیکشن وعدوں کی تکمیل ہے جس پر تندہی سے عمل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہسار ٹاؤن بھارہ کہو میں نواز شریف روڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سردار مشتاق عباسی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر کے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز شریف پر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے، کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ بیرون ملک بھیجنیکا الزام تھا لیکن ان میں سے ایک بھی الزام ثابت نہ ہوا۔

نواز شریف کے ساتھ کمٹمنٹ دکھانے اور والہانہ استقبال کرنے پر اسلام آباد کے عوام کا مشکور ہوں،نواز شریف کے موٹر وے کے سفر کو جی ٹی روڈ پر بدلنے میں بھارہ کہو کے استقبال کا کلیدی کردار ہے جس کے بعد جی ٹی روڈ پر آنے والے حلقوں کے ممبران اسمبلی نے نواز شریف پر زور دیا کہ وہ جی ٹی روڈ سے سفر کریں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کرتا پاکستان عالمی مخالفین کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے، وہ اس کے خلاف سازشیں کرنے کے درپے ہیں۔

نوازشریف کے مخالفین نادانستگی میں عالمی سازشی عناصر کو تقویت پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوا ز شریف اپنے اقتدار کی جنگ نہیں لڑ رہے، انہوں نے پاکستان کے آئین کے خلاف کوئی بات نہیں کی ، مخالفین پروپیگنڈہ نہ کریں، نواز شریف کے نامکمل ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تندہی سے کام کر رہے ہیں۔گزشتہ چار سالوں میں پچھلے پچاس سالوں سے زائد ترقیاتی کام ہوئے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے مختصر دور میں ملک کی معاشی کایا پلٹ دی ، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اب دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہے۔ترقیاتی منصوبے اور سی پیک کی تکمیل کے بعد مخالفین دیکھتے رہ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں دو ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں،اسلام آباد کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں میں ان کا حق دلائیں گے۔بھارہ کہو سے سملی ڈیم روڈ کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔