میٹرو بس کے ذریعے شہریوں کو جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے‘کمشنر بلال احمد بٹ

ہفتہ 19 اگست 2017 23:27

ملتان ۔19اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ میٹرو بس کے ذریعے شہریوں کو جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے‘ میٹرو بس ڈپو کی تعمیر میں کوالٹی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ بس ڈپو جلد فنکشنل ہو ‘ تعمیراتی کام میں کوتاہی برتنے والی کمپنی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار زکریا یونیورسٹی سے ملحقہ میٹرو بس ڈپو کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا رضوان قدیر اور میٹرو انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔کمشنر ملتان ڈویژن نے کہا کہ میٹرو بس ڈپو میٹرو پراجیکٹ کا اہم ترین حصہ ہے‘ اس کی تعمیر میں کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے‘ اس موقع پر انہوں نے میٹرو بس مینٹینینس ورکشاپ‘ واشنگ ایریا ‘ ڈرائیورز ریسٹ رومز‘ مسجد اور واش رومز کا معائنہ کیا اور کہا کہ تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے‘ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ہدایت کی تعمیراتی کام بروقت مکمل نہ کرنے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا جائے ‘ انہوں نے کہا کہ مینٹینینس ورکشاپ کی چھتیں جلد مکمل کی جائیں‘ لائٹیں فوری لگائی جائیں اور سامان کے معیار پر کوئی رعایت نہ برتی جائے‘ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیوروں کیلئے ریسٹ رومز میں اُنہیں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں‘ اس موقع پر کمشنر ملتان نے بس ڈپو میں بنائی گئی گرین بیلٹس کی بھی فوری تیاری کا حکم دیا۔

بعد ازاں کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے نادرن بائی پاس فور اور فائیو میٹرو سٹیشنز کا بھی دورہ کیا‘ اس موقع پر انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واش رومز میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے سٹیشنزسے کچرے کو فوری اُٹھایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایمر جنسی گیٹس سے ملحقہ جگہوں کو فوری شیٹس سے فِل کیا جائے تاکہ میٹرو سٹیشنزکی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو سکے۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ وہ میٹرو سٹیشنز اور روٹس کا گائے بگائے جائزہ لیتے رہیں گے تاکہ جدید سفری سہولیات میں کوتاہیوں کو دُور کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :