امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ایل ووئیل کی سربراہی میں امریکی وفد کا شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ

وفد کو شمالی وزیرستان ایجنسی میں پاک فوج کے آپریشنز اور نگرانی کے اقدامات میں اضافہ کے ذریعے پاک افغان سرحدی سیکیورٹی کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی گئی‘ آئی ایس پی آر

ہفتہ 19 اگست 2017 23:13

امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ایل ووئیل کی سربراہی میں امریکی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل جوزف ایل ووئیل کی سربراہی میں امریکی وفد نے شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق وفد کو شمالی وزیرستان ایجنسی میں پاک فوج کے آپریشنز اور نگرانی کے اقدامات میں اضافہ کے ذریعے پاک افغان سرحدی سیکیورٹی کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وفد کو عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی سمیت علاقہ میں سماجی ،اقتصادی ترقی کے اقدامات پر پیش رفت سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔وفد نے پاکستان آرمی اور مقامی قبائل کی جانب سے علاقہ میں امن وامان کے دوبارہ قیام کیلئے کی گئی کوششوں اور قربانیوں کی تعریف کی ۔وفد نے پاک افغان دوطرفہ سرحدی سیکیورٹی تعاون کی اہمیت کا بھی اعتراف کیا۔ بعد ازاں وفد نے آرمی پبلک سکول میراں شاہ کا بھی دورہ کیا اور طلباء کے ساتھ بات چیت کی۔قبل ازیں شمالی وزیرستان ایجنسی پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی وفد کے ہمراہ تھے۔