حکومت پنجاب ہرشہری کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے،ملک عبدالغفارڈوگر

ہفتہ 19 اگست 2017 23:11

ملتان ۔19اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) خادم پنجاب صاف پانی پروگرام(کے پی ایس پی پی) کی ڈویژنل کمیٹی ملتان کے چیئرمین ملک عبدالغفار ڈوگر ایم این اے نے کہا ہے کہ صاف پانی ہر شہری کا حق ہے، حکومت پنجاب ہر ایک کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ بیشتر بیماریاں صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث پیدا ہوتی ہیں۔

خادم پنجاب صاف پانی پروگرام کا مقصد صاف پانی ہر شہری تک پہچاناہے۔ اس پروگرام میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی ہے کیونکہ صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث اس خطہ میں ہیپاٹائٹس کے کیسز سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خادم پنجاب صاف پانی پروگرام کی ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی، ایڈیشنل کمشنر ریونیو تنویر اقبال ، اے ڈی سی ارشد گوپانگ ، شہزاد مندرانی، عارف ضیاء، عدیل الرحمن، محمد عمران اور محمد زاہد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

خادم پنجاب صاف پانی پروگرام کے ایس ای شہزاد مندرانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان صدر و سٹی میں 32بڑے ٹیوب ویلوں کے ذریعے 908سہولت سنٹروں کے ذریعی262گائوں کو صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ شجاع آباد میں 457،جلال پور پیروالا میں451،خانیوال429،کبیر والا712، جہانیاں219، میاںچنوں538، وہاڑی491، بورے والا387، میلسی میں 858سہولت سنٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔

جس سے ہزاروں دیہاتوں کے رہائشی افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ملک عبدالغفار ڈوگر نے مزید کہا کہ ضلع ملتان میں 4.6ملین آبادی صاف پانی سے مستفید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کا منصوبہ دسمبر2017سے شروع ہوگا۔ ہر گائوں میں ہزاروں بڑے ٹیوب ویلوں کے ذریعے سہولت سنٹرز کو صاف پانی فراہم کیاجائے گا جبکہ سہولت سنٹرز سے ہر گائوں کے رہائشی افراد ڈرموں اور کینوں کی مدد سے اپنی ضرورت کے مطابق پینے کا صاف پانی لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کا منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا عوام کے لئے تحفہ ہے جس سے شہری براہِ راست مستفید ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :