وزیراعظم بلوچستان میں امن وامان کے قیام ، مسائل کے حل اورعوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کااعادہ

امن واستحکام اورجاری ترقیاتی عمل کی بدولت بلوچستان میں بتدریج تبدیلی آرہی ہے ،آئندہ چند سالوں میں ایک نیابلوچستان نظرآئے گا، شاہد خاقان عباسی کا اعلیٰ سطحی اجلاسوں سے خطاب

ہفتہ 19 اگست 2017 22:29

وزیراعظم بلوچستان میں امن وامان کے قیام ، مسائل کے حل اورعوام کی فلاح ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2017ء) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے بلوچستان میں امن وامان کے قیام ،صوبے کے مسائل کے حل اورعوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری اورصوبائی حکومت کی کاؤشوں کوسراہتے ہوئے اس حوالے سے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کااعادہ کیاہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال اورترقیاتی عمل کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے دوران وزیراعظم کو امن وامان اورترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے بار ے میں چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ امن واستحکام اورجاری ترقیاتی عمل کی بدولت بلوچستان میں بتدریج تبدیلی آرہی ہے اورآئندہ چند سالوں میں ایک نیابلوچستان نظرآئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلوچستان ایک لاوارث صوبہ تھاکسی نے نہ تو اس کو اپنایااورنہ ہی اپناسمجھا،ماضی میں حکمران آتے اورسبزکرسی پر بیٹھ کر چلے جاتے رہے ۔

ہم نے گذشتہ چالیس سال کے حل طلب مسائل پر توجہ دی اورصوبے میں رونماہونے والی مثبت تبدیلی کا کریڈٹ موجودہ صوبائی حکومت کو جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ جاری مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے مکمل کئے جائیں گے جن کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا بالخصوص صحت ،تعلیم ،آبنوشی کے شعبوں کی ترقی اورروزگار کے مواقعوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں پسماندگی کا یہ عالم تھا کہ دیہی اورشہری علاقوں میں فرق نہیں رہ گیاتھا اورشہری علاقوں میں بھی بنیادی سہولتیں نا پید تھیں ،انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ ڈویژنل اورضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویژنل اورضلعی ہیڈکوارٹروں کی تعمیروترقی کیلئے خطیرفنڈز فراہم کئے گئے ہیںجن کے ذریعے ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں اورجلد ہی خوشگوار تبدیلی نظرآناشروع ہوجائے گی۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں گیس کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کی جانب سے ایل این جی پلانٹ کی تنصیب ،بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام اورہیلتھ انشورنس کارڈپروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک وسیع کرنے کے اعلان پر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم محمدنوازشریف کی بلوچستان کو بھرپورتوجہ حاصل تھی اورہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی بھی بلوچستان سے پسماندگی کے خاتمے اوراسے دیگر صوبوں کے برابر لانے کیلئے ہماری بھرپورمعاونت کریں گے۔

انہوں نے حلف اٹھانے کے فوری بعد بلوچستان کا دورہ کرنے پروزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اُن کا یہ دورہ بلوچستان کے عوام اورحکومت کیلئے انتہائی حوصلہ افزأ ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی بلوچستان کی ترقی کیلئے گورنربلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان اورصوبائی وزیرمنصوبہ بندی وترقیات کے سنجیدہ رویہ اوروفاقی حکومت کے ساتھ بھرپورتعاون کی تعریف کی۔