صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے

ہیں، پنجاب بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے میگاپراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں ، شفافیت، معیار اور رفتار حکومت پنجاب کی پہچان اور ترقیاتی منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

ہفتہ 19 اگست 2017 22:29

صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے میگاپراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں اور ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر شفاف انداز میں صرف کی جا رہی ہے۔

شفافیت، معیار اور رفتار حکومت پنجاب کی پہچان اور ترقیاتی منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ملک کی تاریخ میں ایک مثال قائم کی گئی ہے۔ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید کرنے کیلئے انہیں تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ ہی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور میرٹ کی پالیسی اپنائی ہے اور پنجاب حکومت نے ہر شعبے میں میرٹ کو پروان چڑھایا ہے۔ تمام اداروں میں بھرتیاں سوفیصد میرٹ پر کرکے باصلاحیت افراد کو ان کا حق دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے انقلابی اقدام اٹھائے گئے ہیں اور صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔

بلاسود قرضوں کی فراہمی سے 6 لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا۔ اربوں روپے کے کسان پیکیج نے زرعی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے ایسے بے مثال اقدامات کئے گئے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جعلی ادویات کے گھنائونے کاروبار کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔

صوبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز قائم کرکے باصلاحیت افراد کو بھرتی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی پر سالانہ اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور صوبہ بھر میں صحت کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کا دائرہ پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے کا عزم کیا ہوا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے فلاح عامہ کے انقلابی پروگرامز سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ اربوں روپے کے وسائل شفافیت یقینی بنا کر ترقیاتی منصوبوں میں بچائے گئے ہیں اور اس بچت کا فائدہ عوام کو ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچائے گئے وسائل عوام کی خوشحالی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔