کمشنر کمپلیکس لورالائی کے احاطے میں سرو کا پودا لگا کر ژوب ڈویژن میں مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا

ہفتہ 19 اگست 2017 22:16

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء)کمشنر ژوب ڈویژن سید سیف الرحمٰن نے کمشنر کمپلیکس لورالائی کے احاطے میں سرو کا پودا لگا کر ژوب ڈویژن میں مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔اور اس کی حفاظت کرنا کار خیر ہے ۔درخت زمین کا زیوراور علاقے کی خوبصورتی ہے ۔

انہوں نے کہا کے درخت کی مثال انسان کی سی ہے کہ درخت کی صحیح پرورش اور حفاظت کی جائے تو یہ ایک تناورسایہ دار درخت کی صورت میں ماحول کو تحفظ فراہم کرنے ،آلودگی کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور خوبصورت پرندوں کا مسکن بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ژوب ڈویژن میں جہاں جہاں بھی ممکن ہو زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایکسن پی ایچ ای سید جہانگیر شاہ ،اسسٹنٹ کمشنر ژوب ڈویژن یحیٰ خان ،،فارسٹ کنزرویٹر ژوب ڈویژن سید یار محمد،چیف افسر لوکل گورنمنٹ اور کئر ٹیکر غازی خان نے بھی پودے لگائے۔فارسٹ کنزرویٹرژوب ڈویژن نے شجر کاری مہم کی تفصیلات بتاتے ہوے کہا کہ ژوب ڈویژن کے عصری و تعلیمی اداروں ،سول و عسکری اداروں اور دیگر مقامات پر مہم کے دوران ایک لاکھ29 ہزار پانچ سوپودے لگائے جائیں گے۔اور ان کی حفاظت کے لیے اگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ :