وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن کمپنی ایبٹ آباد کیلئے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ ریلیز کرنے جبکہ کمپنی کی ضروریات پر مبنی 50 کروڑ روپے تک کا مکمل پی سی ون جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت

ہفتہ 19 اگست 2017 22:03

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن کمپنی ایبٹ آباد کیلئے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن کمپنی ایبٹ آباد کیلئے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ ریلیز کرنے جبکہ کمپنی کی ضروریات پر مبنی 50 کروڑ روپے تک کا مکمل پی سی ون جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈبلیو ایس ایس اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

سنیئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ،صوبائی وزیرمشتاق غنی ، وزیراعلیٰ کے مشیر قلندر لودھی، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون، صو بائی سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، چیئرمین ڈبلیو ایس ایس اے کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں بورڈ کے سابقہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی اور اہم فیصلے کئے گئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس اے کی کارکردگی بہتربنانے کیلئے بھی تفصیلی غور و خوض کیاگیا ۔

وزیراعلیٰ نے کمپنی کیلئے واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن کمپنی پشاور کا ماڈل اختیار کرنے اورکمپنی کو آئوٹ سورس کرکے پرائیوٹ سیکٹر کو رول دینے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بورڈ مکمل بااختیار ہونا چاہیئے جب آئوٹ سورس کریں گے تو اُس کے بعد ہی اخراجات کا صحیح اندازہ لگانا ممکن ہو گا۔ انہوںنے ہدایت کی کہ پی سی ون ہر لحاظ سے مکمل ، بہترین آپشنز پر مشتمل اور ضرورت سے ہم آہنگ ہونا چاہیئے ۔

غیر ضروری آلات کی خریداری سے اجتناب کریں ۔ آئوٹ سورس کرکے ضروریات کا از سر نو جائزہ لیں اور حقیقت پسندانہ پی سی ون تیار کرکے دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوامی فلاح پر اخراجات کے نتائج نظر آنے چاہئیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ واٹر سپلائی اینڈ سینٹیشن کمپنیوں کے صوبائی سطح پر بورڈ کا متعلقہ وزیر سربراہ ہو گا۔ مقامی نمائندوں کو بھی بورڈ میں شامل کریں تاکہ ہر سطح پر نمائندگی ممکن ہو سکے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر چلانے کی بھی منظوری دی۔