خواجہ آصف کا پاکستان میں جذام کے خاتمے کے قومی پروگرام کی بانی اور ممتاز سماجی کارکن ڈاکٹر رتھ فاو کو خراج عقیدت

ہفتہ 19 اگست 2017 22:03

خواجہ آصف کا پاکستان میں جذام کے خاتمے کے قومی پروگرام کی بانی اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان میں جذام کے خاتمے کے قومی پروگرام کی بانی اور ممتاز سماجی کارکن ڈاکٹر رتھ فاو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاو کو پاکستانی عوام کیلئے بے پناہ محبت،لگن اور بے لوث خدمت پر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں جذام کے خاتمے کے قومی پروگرام کی بانی ڈاکٹر رتھ فاو کی آخری رسومات ہفتہ کوکراچی کے علاقے صدر میں سینٹ پیٹرک کتھیڈرل چرچ میں ادا کر دی گئیں اور مرحومہ کو مکمل سرکاری اعزاز کیساتھ گورا قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

وہ جرمنی میں پیدا ہوئیں اور 1960ء کی دہائی میں پاکستان آئیں اور اپنی زندگی جذام کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے وقف کردی۔

(جاری ہے)

صدرممنون حسین ، سندھ کے گورنرمحمد زبیراوروزیراعلیٰ سید مرادعلی شاہ، بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ ،پاک فضائیہ کے سربراہ، پاک بحریہ کے چیف آف سٹاف ،سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی اوران کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

یہ ڈاکٹر فائو کی انتھک کوششوں کا ثمر تھا کہ پاکستان نے اس بیماری کو شکست دی اور 1996ٰٰء میں جذام کے مرض سے پاک ملک بن گیا۔انھیں 1988ء میں پاکستان کی شہریت دی گئی اوران کی خدمات پر ’ہلال امتیاز‘ اور ہلال پاکستان متعدد قومی اعزازات اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا گیا۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستانی عوام کیلئے غیر معمولی خدمات پر مرحومہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام انکی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔

ہم ایک قومی ہیرو سے محرم ہو گئے ہیں۔وزیر کارجہ نے کہا ہے کہ کہ ڈاکٹر رتھ فاو کو پاکستانی عوام کیلئے بے پناہ محبت،لگن اور بے لوث خدمت پر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔پوری پاکستانی قوم انکی غیر معمولی خدمات کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :