صدر مملکت ممنون حسین کی مزار قائد اعظم پر حاضری‘ پھولوں کی چادر چڑھائی

ہفتہ 19 اگست 2017 22:00

صدر مملکت ممنون حسین کی مزار قائد اعظم پر حاضری‘ پھولوں کی چادر چڑھائی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے ہفتہ کو انسداد ٹی بی کی قومی مہم کے افتتاح سے قبل مزار قائد اعظم پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی سترہویں سالگرہ پر مزار قائد پر حاضری ان کے لیے باعث سعادت ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے لکھا کہ بانی پاکستان کی تعلیمات اور سیاسی افکار قوم کے لیے مشعل راہ ہیں جن پر عمل کر کے بحرانوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی عمل داری کے ذریعے سیاسی بے راہروی کے دروازے بند کر کے جمہوری استحکام اور قومی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔صدر مملکت نے اس موقع پر مزار قائد پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا جس کا اہتمام ایک مقامی اسکول نے کیا تھا۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے صدر مملکت کے بعد ایک پودا لگایا۔ اسکول کے بچوں نے صدر مملکت اور گورنر سندھ کو سووینئر بھی پیش کیے۔