ضلعی عدالت میں منشیات فروشی ، لڑائی جھگڑے کیس کی سماعت

عدالت نے ملوث ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا

ہفتہ 19 اگست 2017 20:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2017ء) ضلعی عدالت اسلام آباد نے منشیات فروشی اور لڑائی جھگڑے کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز مختلف مقدمات میں گرفتار ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ عائشہ شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، تھانہ کھنہ پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزم مرزا منیر بیگ کو عدالت پیش کیا اور14روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا، ایک اور مقدمہ میں لڑائی جھگڑے کے الزام میں گرفتار ملزم سجاول راہی کو سہالہ پولیس نے سول جج کے روبرو پیش کیا اور ملزم سے پسٹل کی برآمدگی اور مزید تفتیش کے لیے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جیسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :