امن واستحکام اورجاری ترقیاتی عمل کی بدولت بلوچستان میں بتدریج تبدیلی آرہی ہے ، آئندہ چند سالوں میں ایک نیابلوچستان نظرآئے گا

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

ہفتہ 19 اگست 2017 20:20

امن واستحکام اورجاری ترقیاتی عمل کی بدولت بلوچستان میں بتدریج تبدیلی ..
کو ئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ امن واستحکام اورجاری ترقیاتی عمل کی بدولت بلوچستان میں بتدریج تبدیلی آرہی ہے اورآئندہ چند سالوں میں ایک نیابلوچستان نظرآئے گا۔یہ بات ا نہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی،وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں حکمران آتے اور کرسی پر بیٹھ کر چلے جاتے رہے ۔

ہم نے گذشتہ چالیس سال کے حل طلب مسائل پر توجہ دی اورصوبے میں رونماہونے والی مثبت تبدیلی کا کریڈٹ موجودہ صوبائی حکومت کو جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ جاری مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے مکمل کئے جائیں گے جن کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا بالخصوص صحت ،تعلیم ،آبنوشی کے شعبوں کی ترقی اورروزگار کے مواقعوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں پسماندگی کا یہ عالم تھا کہ دیہی اورشہری علاقوں میں فرق نہیں رہ گیاتھا اورشہری علاقوں میں بھی بنیادی سہولتیں نا پید تھیں ،انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ ڈویژنل اورضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویژنل اورضلعی ہیڈکوارٹروں کی تعمیروترقی کیلئے خطیرفنڈز فراہم کئے گئے ہیںجن کے ذریعے ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں اورجلد ہی خوشگوار تبدیلی نظرآناشروع ہوجائے گی۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں گیس کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کی جانب سے ایل این جی پلانٹ کی تنصیب ،بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام اورہیلتھ انشورنس کارڈپروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک وسیع کرنے کے اعلان پر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم محمدنوازشریف کی بلوچستان کو بھرپورتوجہ حاصل تھی اورہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی بھی بلوچستان سے پسماندگی کے خاتمے اوراسے دیگر صوبوں کے برابر لانے کیلئے ہماری بھرپورمعاونت کریں گے۔

انہوں نے حلف اٹھانے کے فوری بعد بلوچستان کا دورہ کرنے پروزیراعظم شاہدخاقان عباسی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اُن کا یہ دورہ بلوچستان کے عوام اورحکومت کیلئے انتہائی حوصلہ افزأ ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی بلوچستان کی ترقی کیلئے گورنربلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان اورصوبائی وزیرمنصوبہ بندی وترقیات کے سنجیدہ رویہ اوروفاقی حکومت کے ساتھ بھرپورتعاون کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :