پی اے ایف بیس کلر کہار میں عقاب فورس کی بیج ایوارڈ تقریب کا انعقاد ،شرکاء میں بیجز اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم

ہفتہ 19 اگست 2017 19:44

کلر کہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2017ء) پی اے ایف بیس کلر کہار میںعقاب فورس کے چوتھے سپیشل ایڈوانس ٹریننگ کورس کی کامیاب تکمیل پر بیج ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی۔ائیر مارشل اسد لودھی وائس چیف آف ائیر سٹاف اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس کورس میں 262 افراد جن میں 11 افسران اور 251 ائیرمین نے پاک فضائیہ کے سپیشل سروسز ونگ کی جانب سے سخت ترین ٹریننگ حاصل کی۔

مہمان خصوصی نے اس موقع پرشرکاء میں بیجز اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ جونئیر ٹیکنیشن سکندر حیات کو فائرنگ میں بہترین کارکردگی پر جبکہ فلائنگ آفیسرعامر فاروق کو کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافیوںسے نوازا گیا۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے سیکیورٹی پرسنیل کی تربیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دہشگردوں کے ساتھ لڑنے کے انکے جذبے کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد آپ ملک دشمن عناصر کو عبرتناک شکست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے سیکیورٹی اہلکار ہر طرح کے مشکل حالات کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔زیرِ تربیت شرکاء نے مسلح لڑائی اوراپنی بہترین نشانہ بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے درستگی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔شرکاء نے پہاڑی سے رسی کی مدد سے اترتے ہوئے فائرنگ کی اوراپنے اہداف کو تباہ کیا۔اس کے علاوہ عقاب فورس نے دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر حملہ کر کے انہیں تباہ کرنے کا مظاہرہ بھی کیا۔