بلاول بھٹو زرداری کو اسلام آباد سے مانسہرہ جلسہ عام میں شرکت کیلئے روانگی کے موقع پر ’’امام ضامن‘‘ باندھا گیا

امام ضامن سید خورشید شاہ نے باندھا ، پارٹی سربراہ کیلئے دعائیں

ہفتہ 19 اگست 2017 19:44

بلاول بھٹو زرداری کو اسلام آباد سے مانسہرہ جلسہ عام میں شرکت کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2017ء) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو مرحومہ کی طرح ان کے صاحبزادے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اسلام آباد سے مانسہرہ جلسہ عام میں شرکت کے لئے روانگی کے موقع پر ’’امام ضامن‘‘ باندھا گیا، نوجوان بلاول کی حفاظت اور سلامتی کیلئے یہ امام ضامن ایک ’’سید‘‘ کی طرف سے باندھا گیاہے، وہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ہیں، پارٹی سربراہ کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو اسلام آباد سے مانسہرہ جلسہ عام میں شرکت کے لئے روانگی کے موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بلاول بھٹو زرداری سے خصوصی طور پر ملاقات کی اور انہیں بے نظیر بھٹو کی طرح ’’امام ضامن‘‘ باندھا، یاد رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو مرحومہ نومبر 2007میں جب پاکستان واپس آئیں تھیں تو کراچی ایئرپورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے انہیں بھی حفاظت کیلئے امام ضامن باندھا گیا تھااب سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک ’’سید‘‘ نے بھی نوجوان بلاول بھٹو کویہ امام ضامن باندھا ہے اور پارٹی سربراہ کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بلاول بھٹو زرداری کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔