بلوچستان میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے دوران مکمل کئے جائیں

،کچھی کینال اور بلوچستان کے تما م اضلاع کو گیس فراہمی کے منصوبوںکی تکمیل ترقی کے نئے باب کا آغاز ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کوئٹہ میں اجلاس سے خطاب اور اراکین اسمبلی سے گفتگو

ہفتہ 19 اگست 2017 19:42

بلوچستان میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے دوران مکمل کئے جائیں
کو ئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہفتہ کو گورنر ہائوس کوئٹہ میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کی صورتحال سے متعلق دو علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے، اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال ،وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو ،وفاقی وزیر سیفران جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ ، قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر)ناصر خان جنجوعہ ،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ،وزیرداخلہ بلو چستان میر سرفراز بگٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق نے امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی،اجلاس میں 15ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان کے تمام اضلاع کو گیس کی فراہمی ،زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی سے سولر سسٹم پر منتقل کرنے،وزیراعظم صحت کارڈ،اور بی آئی ایس پی کے دائرہ کار میں توسیعی سمیت سی پیک کے تحت تشکیل دئیے گئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا،وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کو گیس کی فراہمی اور کچھی کینال منصوبے رواں سال مکمل کرلیئے جائیں گے ،کچھی کینال کی بدولت 70ہزار ایکٹر سے زائد غیر آباد اراضی سیراب ہوگی اور زرعی شعبے میں لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسرآئینگے جبکہ تمام اضلاع میں گیس کی فراہمی سے عوام کی مشکلات کا ازالہ ہوگا،صوبے میں جاری دیگر منصوبوں کی بدولت عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی ضروریات زندگی فراہمی ہونگی جبکہ بی آئی ایس پی کے تحت پروگرام کے دائرہ کار میں وسعت کے باعث غریب لوگوں کو خاطر خواہ مالی ریلیف میسرہوگی،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبے مقررہ وقت کے دوران مکمل کئے جائیں تاکہ عوام ان منصوبوں کی افادیت سے بہرا مند ہوسکیں،وزیراعظم نے ہفتہ کو اپنے دورے کے دوران بلوچستان کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات کی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کو عام آدمی کے لیے بارآور بنانے کی ضرورت پر زوردیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھ کر ترقیاتی منصوبوں اور عوام کی خوشحالی حکومت کا اولین نصب العین ہے اورترقیاتی ویژن کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے تمام وزراء اور اراکین اسمبلی دستیاب وسائل کو اجتماعی مقاصد کے لیے استعمال میں لائیں تاکہ عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد ان سے استفادہ کرسکے ملک خوشحال ہو اور عوام کو درپیش دیرینہ مسائل حل ہوسکیں ۔