کراچی،کورنگی میں میں سی ٹی ڈی اور رینجرزکا مشترکہ آپریشن کالعدم تنظیم کے 2دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے پمفلٹ ملا ہے جس میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، سی ٹی ڈی حکام ملزمان کا تعلق تحریک طالبان پاکستان مفتی شاکر گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عرفان اللہ عرف شینا اور خالد عرف تورابورا کے ناموں سے ہوئی ہے، ڈی آئی جی عامر فاروقی

ہفتہ 19 اگست 2017 18:42

کراچی،کورنگی میں میں سی ٹی ڈی اور رینجرزکا مشترکہ آپریشن کالعدم تنظیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) پولیس کے انسداد دہشت گردی سیل نے کراچی کے علاقے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ٹریفک پولیس اہلکار سے چھینی گئی ایم پی فائیو بندوق سمیت بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مذکورہ مکان میں موجود نصب بموں کو ناکارہ بنا دیا ۔ آئی جی پی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس ٹیم کو کامیابی پر 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے ۔ یہ بات ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے اپنے آفس میں ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔ ان کے ہمراہ پاکستان رینجرز سندھ کے کرنل شاہد ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی شاہد عمر اور دہشت گردی سیل کے انچارج راجہ عمر خطاب بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی عامر فاروقی نے بتایا کہ دہشت گردی اور پولیس کلنگ کی کارورائیوں کو روکنے کے لیے سی ٹی ڈی اور پاکستان رینجرز سندھ کی جوائنٹ انٹیلی جنس آپریشن ٹیم نے مل کر دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لانے کے لیے اپنے نیٹ ورک اور ٹیکنیکل سہولیات کے ذریعے کوششیں تیز کر دی ہیں اور دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیاہے ۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ چند دہشت گرد کورنگی کے علاقے نورانی بستی میں موجود ہیں جو کہ پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں ۔

جس پر انچارج ٹی ٹی آئی جی سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب اور رینجرز کی مشترکہ ٹیم نے دہشت گردوں کے اڈے پر جا کر انہیں پکڑنے کی کوشش کی تو دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اور رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور گرنیڈ سے حملہ بھی کر دیا ، جس پر سی ٹی ڈی اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد عرفان اللہ عرف حماد عرف شینا اور دوسرا ناصر عرف خالد ہلاک ہو گئے ۔

ہلاک دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان مفتی شاکرا للہ گروپ سے تعلق رکھتے تھے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں ڈیٹو نیٹر ، بارودی مواد ، 2 عدد پسٹل اور پمفلٹ برآمد کر لیے دہشت گردوں نے ٹائمر بل بھی نصب کیا ہوا تھا جسے ناکارہ بنا دیا گیا ۔ دہشت گردوں کے اڈے سے ٹریفک اہلکار سے چھینی گئی ایم پی 5 رائفل بھی برآمد ہوئی ۔ ہلاک دہشت گردوں کے ساتھی پچھلے ہفتے بھی سی ٹی ڈی پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں ۔ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے دونوں پسٹل کی فرانزک کرائی گئی جو کہ جولائی 2017 میں کورنگی عوامی کالونی کے علاقے میں 3 پولیس اہلکاروں کے قتل اور ابولحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل سے مطابقت رکھتی ہے ۔