ہمیں قائداعظمؒ کے فرمان ’’ایمان‘ اتحاد‘ تنظیم‘‘ کو حرزجاں بناکر دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہوگا ‘ رفیق تارڑ

ہفتہ 19 اگست 2017 18:42

ہمیں قائداعظمؒ کے فرمان ’’ایمان‘ اتحاد‘ تنظیم‘‘ کو حرزجاں بناکر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء)پاکستان پائندہ باد کانفرنس کے انعقاد کا مقصد وطن عزیز کے محفوظ اور روشن مستقبل پر پاکستانی قوم کے اعتماد کو ازسرنو مستحکم کرنا ہے، ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ اس مملکت کو اس کے قیام کے مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے جناح ہال‘ حافظ آباد میں منعقدہ ’’پاکستان پائندہ باد کانفرنس‘‘ کے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، معروف سیاسی وسماجی رہنما بیرسٹرپیر سید وسیم الحسن نقوی ، صدر نظریہٴ پاکستان فورم حافظ آباد پروفیسر محمد اکرم چشتی اورطلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ پاکستان پائندہ باد کانفرنس کے انعقادپر میں نظریہٴ پاکستان فورم حافظ آباد کے عہدیداران اور کارکنان کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

آپ ایک قومی مقصد کی خاطر جمع ہوئے ہیں۔ اس عزم کی تجدید کی خاطر اکٹھے ہوئے ہیں کہ ہم پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے نظریات و تصورات کے مطابق ایک جدید اسلامی‘ جمہوری اور فلاحی مملکت بنانے کی جدوجہد پورے جوش و جذبے سے جاری رکھیں گے۔ ہمیں قائداعظمؒ کے فرمان ’’ایمان‘ اتحاد‘ تنظیم‘‘ کو حرزجاں بناکر دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہوگا ۔

بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایک مملکت خداداد ہے۔ یہ ایک نعمت خداوندی ہے ۔ قائداعظمؒ ،علامہ محمد اقبالؒ، مولانا محمد علی جوہر، مولانا حسرت موہانی جیسے اکابرین نے جہد مسلسل سے ہمیں یہ آزاد وطن لیکر دیا۔ آخر میں بیرسٹر پیر وسیم الحسن نقوی نے ملکی ترقی و استحکام کیلئے دعا کروائی۔