وزیراعلی پنجاب نے کے پی کے میں ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کے لئے بلینک چیک دیاہے ‘ خواجہ عمران نذیر

پنجاب حکومت ڈینگی کی وباء پر قابو پانے اور مریضوں کے علاج میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی ‘وزیربرائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب سینئر ماہرین کی ٹیم کے ہمراہ پشاور روانہ

ہفتہ 19 اگست 2017 18:42

وزیراعلی پنجاب نے کے پی کے میں ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کے لئے بلینک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کی وباء پر قابوپانے کے لئے بلینک چیک دیاہے اور ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کو ڈینگی وباء سے نجات دلانے کے لئے جس قسم کے وسائل کی ضرورت ہوگی ،مہیا کئے جائیں گے ،پنجاب کی حکومت اور عوام صوبہ کے پی کے کے بھائیوں کی ہرممکن مدد کریں گے ،محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول اور سینئر انٹامالوجسٹ پر مشتمل ایک ٹیم پہلے ہی پشاور روانہ کردی ہے جبکہ وہ خود پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کے ہمراہ پشاور کے لئے ہفتہ کی دوپہر روانہ ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے یہ بات ہفتہ کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلشنز کے کمیٹی روم میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی -انہو ںنے بتایاکہ وزیراعلی محمدشہبازشریف نے کے پی کے کے عوام کی جانب سے ڈینگی کی وباء پر قابوپانے اور مریضوں کے علاج میں مدد دینے کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے فوری طور پر کے پی کے حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی - خواجہ عمران نذیر نے مزید بتایاکہ انہو ںنے کے پی کے کے وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے سیکرٹری صحت کے پی کے عابد مجید سے رابطہ کرکے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا - خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھاکہ وزیراعلی کی ہدایت پر ماہرین کی ٹیم ہفتہ کے روز علی الصبح پشاور روانہ کردی گئی تھی جبکہ میانوالی سے موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پشاور بھجوادیاگیاہے اور وہ خود (خواجہ عمران نذیر )ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے کنوینر پروفیسر فیصل مسعود کے ہمراہ پشاور کے لئے ہفتہ کی دوپہر روانہ ہورہے رہیں - وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب 2011 میں ڈینگی کی وباء کا سامنا کر چکا ہے لہذا اپنے تجربے کی روشنی میں خیبر پختونخواہ کے محکمہ صحت کو ٹیکنیکل گائیڈ لائن فرا ہم کرے گا - انہو ںنے کہاکہ سٹاف کی تربیت اورمریضوں کے علاج میں کیس مینجمنٹ کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے گی -خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر حکومت پنجاب اپنے کے پی کے بھائیوں کی مشکل وقت میں بھر پور مدد کرے گی -ایک سوال کے جواب میں خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ 2011ء میں سری لنکا کے ماہرین نے پنجاب میں ڈینگی وباء پر قابو پانے اور مریضوں کے علاج میں ٹیکنیکل گائیڈ لائن فراہم کی تھی جس کے بعد وزیراعلی محمدشہبازشریف کی قیادت میں پنجاب میں ڈینگی پر قابو پانے میں بہت کام کیاگیا اور ہمیں کامیابی ملی ہے اورآج سری لنکا کے ماہرین اپنے ملک میں ڈینگی کنٹرول کے سلسلے میں صوبہ پنجاب کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں - خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ خیبرپختونخواہ جانے والی ٹیمیں اپنے ساتھ سپرے اور فوگنگ کے کیمیکل اور دیگر ادویات بھی لے کر گئیں ہیں اور جس قسم کی ضرورت ہوگی حکومت پنجاب کے پی کے کو فراہم کرے گی -

متعلقہ عنوان :