نواز شریف اس وقت ملک سے گئے تو انکی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائیگی‘ سید خورشید شاہ

عدالت کے فیصلے کو جس طرح راستوں ‘ چوراہوں میں چیلنج کیا گیا یہ خطرناک صورتحال ہے‘ قائد حزب اختلاف

ہفتہ 19 اگست 2017 18:42

نواز شریف اس وقت ملک سے گئے تو انکی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائیگی‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے لیکن نواز شریف کی ٹیم کواس کا پتہ نہیں کہ کس وقت کیا بات کرنی ہے،نواز شریف اس وقت ملک سے گئے تو ان کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی ،نواز شریف کے کچھ ساتھی پورس کے ہاتھی نما اور کچھ آستین کے سانپ ہیں۔

نجی ٹی وی کو انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ بدروح کو ملک سے باہر بھیجنے میں نواز شریف کا ہاتھ ہے ،اگر چوہدری نثار نے کچھ کیا ہوگا تو انہوں نے یقینا مشورہ کیا ہوگا ۔ نواز شریف کے کچھ ساتھی پورس نما ہاتھی اور کچھ آستین کے سانپ ہیں۔ نظر یہ آتا ہے کہ چوہدری نثار بلیک میلنگ کی سیاست کرتے ہیں کہ سدھر جائو نہیں تو میں پریس کانفرنس میں انکشاف کروں گا لیکن کرتے نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں تو پرویز رشید تھا ہی نہیں اسے تو پھنسایا گیا اور قربانی کا بکر ابنایا گیا اس کے پیچھے تو اصل کوئی اور تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عدالت کے فیصلے کو جس طرح راستوں اور چوراہوں میں چیلنج کیا ہے یہ خطرناک صورتحال ہے اور اس سے ملک انارکی کی طرف جاسکتا ہے ، اس سے تو آپ خود ہتھیار کسی کے ہاتھ میں دے رہے ہیں کہ وہ کہے کہ ملک انارکی کی طرف جارہا تھا اور خطرناک صورتحال تھی اور پھر نہ تم بچا سکو گے اور نہ ہم بچا سکیں گے اوریہ انتہائی خطرناک گیم ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں دھڑے بن چکے ہیں اور وہ سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف نوازشریف اس وقت ملک سے گئے تو ان کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گی ۔ انہیں بھاگنے کی بجائے حالات کا سامنا کرنا چاہیے ۔