ن) لیگ ڈوبتی ہوئی سیاسی نائو کو بچانے کیلئے 120کے عوامی مینڈیٹ میں نقب لگانیکی منصوبہ بندی کر رہی ہے ،

دھاندلی کو روکنا صرف پی ٹی آئی کی ذمہ داری نہیں دیگر جماعتوں کو بھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جانا چاہیے ،نائب صدر تحریک انصاف وسطی پنجاب جمشید اقبال چیمہ

ہفتہ 19 اگست 2017 18:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2017ء) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اپنی ڈوبتی ہوئی سیاسی نائو کو بچانے کیلئے این اے 120کے عوامی مینڈیٹ میں نقب لگانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے،نواز شریف یہ تاثر دے رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی تھیں جو انہیں وزارت عظمیٰ سے ہٹانے سے یکدم خشک ہو گئی ہیں، نواز شریف صرف خود کو ہی ریاست ،حکومت ، آئین و قانون، جمہوریت اور استحکام سمجھتے ہیں اور یہی رویہ ملک کو تباہی کی طرف لیجانے کا باعث بنا ہے ، عدالت کا فیصلہ تسلیم کرنے کی بجائے مزاحمت کے معاملے پرمسلم لیگ (ن) میں واضح تقسیم ہے اور سنجیدہ رہنما بار بار کہہ رہے ہیںکہ ذاتی اناء کیلئے ملک کو تباہی کی طرف نہ دھکیلا جائے ۔

(جاری ہے)

بروز ہفتہ اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ پی ٹی آئی حلقہ این اے 120میں اپنی بھرپور انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام ہمیں خوش آمدید کہہ رہے ہیں، پانامہ فیصلے کے بعد (ن) لیگ اپنی ڈوبتی ہوئی سیاسی نائو کو بچانے کیلئے کسی بھی صور ت لاہور کے ضمنی انتخاب کو جیتنا چاہتی ہے اور اس کیلئے عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے اور عوامی مینڈیٹ میں نقب لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔

دھاندلی کو روکنا صرف پی ٹی آئی کی ذمہ داری نہیں بلکہ حلقے سے کھڑے ہونے والے تمام امیدواروںاور ان کے کارکنوں کو چاہیے کہ حکومت کے اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پانامہ پر عدالتی فیصلے کے بعد ملک میں تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں اورانشا اللہ وہ دن جلد آئے گا جب ملک سے کرپشن کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ ہوگا ۔