منتخب وزیراعظم کو ایک ایسے جرم کی سزا دی گئی جو اُس نے کیا ہی نہیں، ‘ رانا محمد آصف ارشد

ہفتہ 19 اگست 2017 18:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ آرگنائزیشن فیصل آباد کے سٹی صدر چیئرمین راجپوت یوتھ آرگنائزیشن اور سٹی چیئرمین متحدہ امن کمیٹی فیصل آباد ‘ رانا محمد آصف ارشد نے کہا ہے کہ نوازشریف نااہلی فیصلہ کو 22 کروڑ عوام نے مسترد کر دیا ہے، ملک کے منتخب وزیراعظم کو ایک ایسے جرم میں سزا دی گئی ہے جو اس نے کیا ہی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

بروز ہفتہ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نوازشریف وہ عظیم لیڈر ہیں جس نے 1990ء کے الیکشن میں کامیابی کے بعد پارلیمنٹ سے شریعت بل منظور کیا، 1998ء میں ایٹمی دھماکے کئے اور 2013ء کے عام انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد 55 ارب ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے بڑا معاشی دھماکہ کیا، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے کاٹ کر روشنیوں کے شہر کراچی میں امن بحال کیا، اس کے صادق اور امین ہونے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جمہوریت کی بالادستی اور 1973ء کے آئین کے تحفظ کیلئے میدان میں نکل چکی ہے، انشاء الله آئندہ وزیراعظم پھر نوازشریف ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :