روتھ فائو کی بے لوث خدمات صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی ‘ جے سالک

ہفتہ 19 اگست 2017 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) کنوینئر ورلڈ مینارٹیز الائینس اورآرگنائزر عوامی مسیحا پارٹی جے سالک نے کہا ہے کہ جزام ایک ایسا مرض ہے کہ اس مرض میں مبتلا مریضوںکو انکے گھر والے بھی ہاتھ لگانا پسند نہیں کرتے لیکن سسٹر روتھ فائو نے اپنی ساری زندگی انہی مریضوں کے علاج اور خدمت کے لئے وقف کر دی ، انہوں نے اپنی خدمات کو کسی خاص طبقے، مذہب یا فرقے تک محدود نہیں رکھا بلکہ وہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت کرتی رہیں، انہوں نے اپنی خدمات سے یہ ثابت کردیا کہ انسانیت کا رشتہ سب سے بڑا رشتہ ہے اور سب سے پہلے ایک اچھا انسان ہونا ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سسٹر روتھ فائو نے عورت ہوتے ہوئے بھی تن تنہا وہ کر دکھایا جو مرد بھی نہ کرسکے، خدا پاکستان کو سسٹر روتھ فائو جیسی بیٹیوں سے نوازے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹر روتھ فائوکی بے غرض ز ندگی ہم سب کے لئے ایک روشن اور عمدہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹر روتھ فائو نے ساری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، جزام کے مریضوں کے لئے انکی بے لوث خدمات صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی۔